ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

پارلیمنٹ نے، وقف ترمیمی بِل 2025 کو منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد وقف املاک کے بندوبست کو مربوط کرنا ہے۔

پارلیمنٹ نے وقف ترمیمی بِل 2025کو منظوری دے دی ہے۔ راجیہ سبھا نے رات دیر گئے اسے منظور کر لیا۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے اعلان کیا کہ مذکورہ بِل منظور کر لیا گیا ہے۔ 128 ارکان نے اس کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 95 ارکان نے بِل کی مخالفت کی۔ راجیہ سبھا میں مذکورہ بِل پر بحث تقریباً 12 گھنٹے تک چلی۔ لوک سبھا بِل کو پہلے ہی منظور کر چکی ہے۔ وقف ترمیمی بِل 2025 کا مقصد وقف املاک کے بندوبست کو مربوط کرنا ہے۔ ساتھ ہی اس میں وراثت کے مقامات کے تحفظ اور سماجی بہبود کو فروغ دینے کی بھی دفعات شامل ہیں۔

مذکورہ بِل کا مقصد املاک کے انتظام میں شفافیت بڑھا کر بندوبست کو بہتر بنانا، وقف بورڈز اور مقامی حکام کے درمیان تال میل کو مستحکم کرنا اور متعلقہ افراد کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنا بھی ہے۔ بِل پر بحث کا جواب دیتے ہوئے اقلیتوں کے امور کے وزیر کِرن رجیجو نے کہا کہ اس بِل سے کروڑوں غریب مسلمانوں کو فائدہ ہوگا اور ایک بھی مسلمان کو اس سے کسی طرح کا نقصان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بِل وقف املاک میں دخل اندازی نہیں کرتا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ نریندر مودی سرکار سب کا ساتھ سب کا وِکاس کے نظریے کے ساتھ کام کرتی ہے اور وہ کسی بھی طبقے کے ساتھ بھید بھاؤ نہیں کرتی۔

اس سے پہلے بِل پیش کرتے ہوئے اقلیتوں کے امور کے وزیر نے کہا کہ متعلقہ فریقوں کے ساتھ ساتھ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی میں بھی تفصیلی صلاح و مشورے کے بعد یہ بِل لایا گیا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں پر زور دیا کہ وہ بِل کی حمایت کریں۔ اِدھر اپوزیشن کے لیڈر مَلک ارجن کھڑگے نے بِل کی مخالفت کی اور سرکار سے اسے واپس لیے جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بِل میں خامیاں ہیں اور یہ آئینی ضابطوں کے منافی بھی ہے۔

JDS کے سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا نے مذکورہ بِل لانے پر نریندر مودی سرکار کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ وقف املاک کا اُن لوگوں نے بیجا استعمال کیا ہے، جو امیر ہیں یا برادری میں اُن کا زیادہ  اثر و رسوخ ہے۔ پارلیمنٹ نے منسوخ کرنے سے متعلق مسلمان وقف بِل 2025 کو بھی منظوری دی ہے، جو مسلمان وقف ایکٹ 1923 کو منسوخ کرتا ہے۔ راجیہ سبھا نے اسے منظور کر لیا، جبکہ لوک سبھا اسے پہلے ہی منظور کر چکی ہے۔×

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں