وزیر داخلہ امت شاہ نے نئی دلی میں نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو NCRB کے ساتھ تین نئے فوجداری قوانین کے نفاذ پر ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ کے دوران جناب شاہ نے NCRB سے کہا کہ وہ انٹرآپریبل کرمنل جسٹس سسٹم دو اعشاریہ صفر کے ساتھ نئے فوجداری قوانین کے مکمل نفاذ کو آسان بنائیں۔ وزیر داخلہ نے یہ بھی کہاکہ تمام فوجداری مقدمات کیلئے مقررہ مراحل اور اوقات کے مطابق رجسٹریشن سے کیس کے حل تک آسانی پیدا کی جانی چاہئے تاکہ متاثرین اور شکایت کنندگان کو فائدہ ہو۔ انہوں نے e-Sakshya، نیائے شروتی، e-Sign اور ای سمن کو ہر ریاست اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں استعمال کرنے پر زور دیا۔ وزیرداخلہ نے اس موقع پر اتراکھنڈ میں تین نئے فوجداری قوانین کے نفاذ کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت کے تحت تین نئے قوانین شہری حقوق کے محافظ اور انصاف کی فراہمی کو آسان بنانے کی بنیاد بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئے قوانین متاثرین اور شہریوں پر مرکوز ہیں اور ان کو فوری طور پر نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ جناب شاہ نے اتراکھنڈ کے وزیراعلی پشکر سنگھ دھامی سے کہا کہ وہ نئے فوجداری قوانین کو 100 فیصد جلد ازجلد نافذ کرے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اتراکھنڈ کے وزیراعلی کو ہر پندرہ دن میں تین نئے فوجداری قوانین کے نفاذ کی پیش رفت کا جائزہ لینا چاہئے جبکہ چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کو سبھی متعلقہ محکموں کے اہلکاروں کے ساتھ ہفتے میں ایک مرتبہ جائزہ لینا چاہئے۔ X