مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے زور دے کر کہا کہ مرکزی حکومت، کسان دوست ہے اور کسانوں کی بہتری کیلئے پورے عزم کے ساتھ مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سمت میں کسانوں سے کم از کم امدادی قیمت MSP پر پیداوار خریدنے کا کام بھی کیا جا رہا ہے۔ جناب چوہان نے کہا کہ ریاستی حکومتیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ MSP سے کم قیمت پر فصلوں کی کوئی خریداری نہ ہو۔ جناب چوہان نے بتایا کہ آندھرا پردیش، گجرات، کرناٹک، مہاراشٹر اور تلنگانہ میں MSP پر خریداری جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مہینے کی 25 تاریخ تک ان ریاستوں میں کل 2.46 لاکھ میٹرک ٹن تور کی خریداری کی گئی ہے جس سے 1.71 لاکھ سے زیادہ کسانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں تور دال کی قیمت فی الحال MSP سے اوپر چل رہی ہے۔ وزیر موصوف نے اجاگر کیا کہ MSP پر کسانوں سے پیداوار خریدنے کا کام جاری ہے۔ جناب چوہان نے کہا کہ دالوں کی گھریلو پیداوار بڑھانے کے لیے، کسانوں کی حوصلہ افزائی اور درآمدات پر انحصار کم کرنے کے لیے حکومت نے قیمت امدادی اسکیم PSS کے تحت سال 2024-25 کے دوران تور، اُڑد اور دیگر دالوں کی خریداری ریاستی پیداوار کے 100 فیصد پر منظوری دی ہے۔