مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر میں، پردھان منتری آواس یوجنا گرامین PMAY-G پر عمل درآمد کے سلسلے میں ایک اہم سنگِ میل طے کیا گیا ہے۔ ریاست میں اِس اسکیم پر عمل درآمد کی شرح، 85 فیصد رہی ہے۔
جموں کے ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ دیہی ترقی اور پنچایتی راج محکمے کے سیکریٹری اعجاز اسعد نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ اگرچہ اِس پہاڑی علاقے میں موسم کی طرف سے چیلنج درپیش ہیں، لیکن بقیہ کام 31 مارچ تک پورا کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اِس بات کی یقین دہانی پر توجہ دی جا رہی ہے کہ ہر ایک اہل کنبے کو، مارچ کے آخر تک گھر فراہم کر دیا جائے، جس کے لیے مالی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔
جناب اسعد نے ایسے کئی ضلعوں کی غیر معمولی کارکردگی کی تعریف کی ہے، جنہوں نے 90 فیصد سے زیادہ شرح تکمیل کا مظاہرہ کیا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ 2016 میں جب سے PMAY-G کا آغاز ہوا ہے، جموں و کشمیر میں 3 لاکھ 35 ہزار مکانات کی تعمیر کی منظوری دی جا چکی ہے، جس میں سے 2 لاکھ 85 ہزار مکانات مکمل کیے جا چکے ہیں۔×