آج عیدالفطر ملک کے مختلف حصوں میں مذہبی عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ عقیدتمندوں نے بڑی تعداد میں عید کی نماز، عیدگاہوں اور بڑی مساجد میں ادا کی۔ بعد میں انہوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔ عید رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام پر منائی جاتی ہے۔
دلّی میں عید کی نماز بڑے پیمانے پر جامع مسجد، فتح پوری اور شاہی عیدگاہ میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر خطبہ دیتے ہوئے، نماز پڑھانے والے اماموں نے لوگوں سے امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی نیز ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔ ملک کے دیگر حصوں سے بھی عید کی تقریبات کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
جموں میں لوگوں کی سب سے زیادہ تعداد نے عید کی نماز عید گاہ گراؤنڈ میں ادا کی، جہاں سینکڑوں مسلمان نماز ادا کرنے کیلئے یکجا ہوئے۔
تلنگانہ میں سب سے زیادہ لوگ حیدرآباد میں عید گاہ میرعالم میں نماز ادا کرنے کیلئے پہنچے، جہاں خصوصی نماز کیلئے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نماز ادا کی۔