صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ یہ فخر کی بات ہے کہ بھارت، دنیا کی سب سے بڑی، متنوع، نوجوان، سب کی شمولیت والی اور احساسات کی حامل جمہوریت ہے۔ آج سہ پہر نئی دلّی میں ووٹروں کے پندرھویں قومی دن کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرمو نے کہا کہ بھارت جمہوریت کی ماں ہے اور ملک میں قدیم زمانے سے ہی جمہوری عمل پایا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کی جمہوریت نئی دنیا کیلئے ایک منفرد نمونہ ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ سب کی شمولیت والی جمہوریت کی متاثر کن جھلک، انتخابات سے عیاں ہے۔ انتخابات میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شراکت، معاشرے اور ملک کی مجموعی ترقی کی ایک اہم علامت ہے۔
انھوں نے اِس بات کا ذکر کیا کہ انتخابی کمیشن نے 85 برس سے زیادہ کی عمر کے سینئر ووٹروں، معذور ووٹروں اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے قبائلی ووٹروں کیلئے ووٹنگ کے عمل میں سہولت بہم پہنچانے کی غرض سے خصوصی کوششیں کی ہیں۔ صدر مرمو نے کہا کہ اِس طرح انتخابی کمیشن نے سب کی شمولیت والے اور حساس انتخابات کے انتظامات کی ایک عمدہ مثال قائم کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ووٹنگ سے وابستہ تصورات اور ذمے داریاں جمہوریت کی بنیادی جہات ہیں۔ انتخابی کمیشن کی جانب سے جاری کیا جانے والا ووٹروں کا حلف نامہ تمام شہریوں کیلئے رہنمائی کا کام کرسکتا ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ جمہوریت میں پورے یقین کے ساتھ ساتھ ووٹروں کو اِس بات کا بھی پختہ عزم کرنا چاہئے کہ وہ ہر قسم کی تنگ ذہنیت، امتیازات اور لالچ سے اوپر اُٹھ کر رائے دہی کے اپنے حق استعمال کریں گے۔ بیدار ووٹرجمہوریت کو مستحکم کرتے ہیں۔
قانون اور انصاف کے مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال نے پُرامن اور غیرجانبدار طریقے سے انتخابات کرائے جانے کیلئے انتخابی کمیشن کی کوششوں کی ستائش کی۔
اعلیٰ انتخابی کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ بھارت میں ووٹروں کی تعداد اب تقریباً 99 کروڑ ہے اور ملک جلد ہی ایک ارب سے زیادہ ووٹروں کا ایک نیا ریکارڈ قائم کرے گا۔
اِس تقریب کے دوران، صدر جمہوریہ مرمو نے بلارکاوٹ انتخابات کو یقینی بنانے میں ریاست اور ضلع افسران کی مثالی کوششوں کیلئے اُنھیں بہترین الیکٹورل پریکٹس ایوارڈ سے نوازا۔ اُن اقدامات کو خصوصی طور پر سراہا گیا جن کی وجہ سے ووٹروں کی شرکت میں اضافہ ہوا، جیسے اختراعی نوعیت کی آؤٹ ریچ مہم اور ٹیکنالوجی کا استعمال۔
دور درشن کو ووٹنگ کے متعلق بیداری پیدا کرنے کے نئے نئے پروگراموں کیلئے ایوارڈ دیا گیا۔ دور درشن کے ڈائرکٹر جنرل کنچن پرساد نے یہ ایوارڈ لیا۔اِس تقریب میں انتخابی انتظامیہ کے اداروں کے سربراہان اور نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ان نمائندوں نے کَل ختم ہوئی دو روزہ کانفرنس کے دوران دنیا بھر میں انتخابی انتظامات کے سلسلے میں درپیش اہم معاملات پر غور وخوض کیا۔ ووٹروں کے قومی دن کا اِس سال موضوع ہے: ”ووٹنگ جیسا کوئی نہیں، میں یقینا ووٹ دوں گا“۔ یہ پچھلے برس کے موضوع کا ایک جاری سلسلہ ہے جس میں انتخابی عمل میں شرکت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے اور ووٹروں کو ترغیب دی گئی ہے کہ وہ اپنے حق رائے دہی کے استعمال سے سرشار ہوں۔
Site Admin | January 25, 2025 9:26 PM
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ یہ فخر کی بات ہے کہ بھارت، دنیا کی سب سے بڑی، متنوع، نوجوان، سب کی شمولیت والی اور احساسات کی حامل جمہوریت ہے
