جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلعے کے چَترو جنگلاتی علاقے میں جاری ایک جھڑپ میں 3 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ جائے واقعہ سے بڑی تعداد میں ہتھیار اور گولی بارود برآمد ہوا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے جنگلاتی علاقے چَترو میں دہشت گردوں کی مشتبہ نقل و حرکت کا پتہ لگایا، جس کے بعد بدھ کو یہ جھڑپ شروع ہوئی۔ ابتدائی طور پر رابطے میں آنے کے بعد دہشت گرد بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ البتہ کل دہشت گرد دوبارہ رابطے میں آئے، جس کے بعد دونوں طرف سے زبردست گولہ باری کی گئی۔ سکیورٹی ایجنسیوں نے نگرانی کا دائرہ ڈوڈہ ضلعے کے بھدروا علاقے تک وسیع کر دیا ہے، تاکہ جموں خطّے کے پہاڑی ضلعوں میں مختلف مقامات کے درمیان دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔ علاقے میں کارروائی اب بھی جاری ہے۔
دوسری جانب جموں وکشمیر میں کل رات Keri Bhattal علاقے کے اخنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب فوج نے مسلح دہشت گردوں کے ایک گروپ کی طرف سے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ فوج کا کہنا ہے کہ اُسے دہشت گردوں کی نقل وحرکت کا پتہ چلا تھا، جس کے بعد فوج اور دہشت گردوں کے درمیان زبردست جھڑپ ہوئی۔ اِس جھڑپ میں اخنور میں فوج کے ایک جونیئر کمیشنڈ افسر نے اپنی جان گنوادی۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں فوج تعینات ہے اور تلاشی کی کارروائی جاری ہے۔اِس سے دو دن پہلے بھارت اور پاکستان کے درمیان سرحد کے بندوبست سے متعلق معاملات پر بات چیت کے لیے پونچھ ضلعے میں ایک میٹنگ ہوئی تھی۔