انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ED نے آج، رابرٹ واڈرا سے ہریانہ میں ایک زمین کے سمجھوتے سے وابستہ، مبینہ طور پر کالے دھن کو جائز بنانے کے معاملے میں لگاتار تیسرے دن پوچھ تاچھ کی اور ان کے بیان کو ریکارڈ کیا۔دلّی میں واقع ED کے دفتر میں ان سے پوچھ تاچھ کی گی۔ یہ معاملہ جناب واڈرا کی کمپنی کے ذریعے گروگرام میں زمین خریدنے سے وابستہ ہے۔
بی جے پی نے آج کہا ہے کہ نیشنل ہیرالڈ کیس، بدعنوانی اور دھوکہ دہی کا ایک کیس ہے، جس میں ED نے کانگریس کے سینئر رہنما سونیا گاندھی اور راہل گاندھی پر فرد جرم عائد کیا ہے۔ نئی دلّی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے ایجنسی کی کارروائی پر مظاہرہ کرنے کیلئے کانگریس کی نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا کہ ED کی حالیہ تفتیش، کوئی نیا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ BJP کے اقتدار میں آنے سے بہت پہلے 2012-13 میں سامنے آیا تھا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اِس کیس میں تقریباً 2 ہزار کروڑ روپے کا املاک، صرف 50 لاکھ روپے میں حاصل کیا گیا۔ جناب پوری نے الزام لگایا کہ کانگریس پارٹی، کیس کو بھٹکانے اور اِس میں تاخیر کرنے کیلئے اپنے وکیلوں کا استعمال کر رہی ہے۔