ملازمین کے پروڈنٹ فنڈ سے متعلق تنظیم EPFO نے اِس سال ستمبر کے دوران کُل 18 لاکھ 81 ہزار ممبران کا اندراج کیا ہے اور گزشتہ سال اِسی مہینے کے مقابلے 9 اعشاریہ تین تین فیصد کا اضافہ درج کیا ہے۔ محنت اور روزگار کی وزارت نے کہا ہے کہ ممبران کو شامل کئے جانے کی وجہ روزگار کے بڑھتے مواقع، ملازمین کے فوائد سے متعلق بیداری میں اضافہ اور EPFO کی جانب سے ممبران تک پہنچنے کے موثر اقدامات ہیں۔ تنخواہ سے متعلق عبوری اعداد و شمار سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ EPFO نے موجودہ مالی سال کے ستمبر میں 9 لاکھ 47 ہزار نئے ممبران کا اندراج کیا ہے۔ اِس سے یہ بات بھی ظاہر ہوئی ہے کہ اِس میں 18 سے 25 سال کی عمر کے افراد کی تعداد زیادہ ہے جو اِسی عرصے کے دوران شامل کئے گئے کُل ممبران کا 59 فیصد ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ تنخواہ کے ڈیٹا کے صنف کے اعتبار کے جائزے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اِس مہینے کے دوران تقریباً دو لاکھ 47 ہزار خواتین کو نئے ممبران کے طور پر شامل کیا گیا ہے جس سے خواتین ورکر کی تعداد میں نمایاں اضافے کا اظہار ہوتا ہے۔