BJP نے، کانگریس پر ملک کے انتخابات پر اثرانداز ہونے کے لیے سازش رچنے اور غیر ملکی رقومات استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔ نئی دلّی میں نامہ نگاروں کو جانکاری دیتے ہوئے پارٹی کے سرکردہ لیڈر روی شنکر پرساد نے دعویٰ کیا کہ بھارت کے لیے امریکی ایجنسی US – Aid کی طرف سے سرمایہ فراہم کرنے کے بارے میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تازہ رائے زنی سے وزیر اعظم نریندر مودی کا یہ دعویٰ صحیح ثابت ہو گیا ہے کہ غیر ملکی طاقتیں اُنہیں اقتدار میں آنے سے روکنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ جناب مودی نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کی چناؤ مہم کے دوران یہ دعویٰ کیا تھا۔
جناب روی شنکر پرساد نے یہ الزام لگایا کہ کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی بار بار بھارت کے جمہوری عمل میں غیر ملکی مداخلت پر زور دیتے رہے ہیں۔ اس سے پہلے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سابقہ جَو بائیڈن انتظامیہ پر نکتہ چینی کی تھی اور اُس پر بھارت میں چناؤ میں دخل اندازی کرنے کا الزام لگایا تھا۔ صدر ٹرمپ نے اپنے دعوے سے ایک دن قبل، بھارت میں رائے دہندگان کی تعداد کے سلسلے میں 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا فنڈ منسوخ کرنے کے متعلقہ محکمے کے فیصلے کو صحیح ٹھہرایا تھا۔