حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی اور اپوزیشن مہاوکاس اگھاڑی آج مہاراشٹر اسمبلی چناؤ کیلئے اپنا انتخابی منشور جاری کریں گے۔ ریاست میں چناؤ مہم میں تیزی آگئی ہے۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کے سرکردہ لیڈر اپنے اپنے امیدواروں کیلئے لوگوں کی حمایت حاصل کرنے کی غرض سے ریاست بھر کا دورہ کررہے ہیں۔
مرکزی وزیرداخلہ اور بی جے پی کے سینئر رہنما امت شاہ آج مہاراشٹراسمبلی چناؤ کیلئے بھارتیہ جنتاپارٹی کا انتخابی منشور ’سنکلپ پتر‘ جاری کریں گے۔ BJP کے اہم لیڈر بھی اس موقع پر موجود رہیں گے۔ جناب امت شاہ مہایوتی اتحاد کے امیدواروں کی حمایت کیلئے شمالی مہاراشٹر اور ودربھ خطے میں جلگاؤں، بلدانہ اور امراوتی میں تین چناؤ ریلیوں سے بھی خطاب کریں گے۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری، ناگپور اور یاوت مال میں جلسہئ عام سے خطاب کریں گے۔ نائب وزیراعلیٰ اور بی جے پی کے رہنما دیویندر فڑنویس ممبئی، امراوتی اور ناگپور میں انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔
دوسری طرف اپوزیشن مہاوکاس اگھاڑی اتحاد بھی آج مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کیلئے اپنا انتخابی منشور جاری کرے گا۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے آج انتخابی منشور جاری کریں گے۔ خبروں کے مطابق کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، مہاراشٹر کانگریس انچارج رمیش Chennithala، مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے، کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھوراٹ، NCP ایس پی کے صدر جینت پاٹل، ممبئی کانگریس کی صدر ورشاگائیکواڈ، شیوسینا یوبی ٹی کے رہنما سنجے راوت اور مہاوکاس اگھاڑی کے دیگر رہنما اس موقع پر موجود ہوں گے۔ اس دوران NCP ایس پی کے سربراہ شردپوار، مہاوکاس اگھاڑی کے امیدواروں کی حمایت کیلئے جالنا اور احمدنگر میں ریلیاں کریں گے۔