ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

September 11, 2024 2:25 PM

printer

یہ دور Silicon سفارتکاری کا ہے اور بھارت سیمی کنڈکٹر کا پاور ہاؤس بننے کیلئے سبھی اقدامات کرے گا: وزیراعظم

وزیراعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ یہ دور Silicon سفارتکاری کا ہے اور بھارت سیمی کنڈکٹر کا پاور ہاؤس بننے کیلئے سبھی اقدامات کرے گا۔ اُنھوں نے کہا کہ حکومت ملک میں چِپ کی تیاری میں اضافے پر توجہ مرکوز کررہی ہے تاکہ سبھی آلات میں بھارت میں تیار کردہ Chips استعمال ہوں۔ وزیراعظم نریندرمودی نے آج گریٹر نوئیڈا میں سیمی کون انڈیا 2024 کا افتتاح کیا۔ اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نے ملک میں الیکٹرانکس اور سیمی کنڈکٹر صنعت کو فروغ دینے کیلئے کئے گئے مختلف اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس دہائی کے آخر تک ملک کے الیکٹرانکس شعبے کو 500 ارب ڈالر مالیت کی صنعت بنانے کا ہدف رکھا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اس سے روزگار کے 60 لاکھ مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم نے یہ کہتے ہوئے ڈجیٹل انڈیا پہل کی کامیابی کو بھی اجاگر کیا کہ ملک میں اس کے کثیر رخی اثرات نمایاں ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ملک موبائل فون درآمد کیا کرتا تھا لیکن اب وہ موبائل فون تیار اور برآمد کرنے والا دوسرا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ حکومت نے ڈجیٹل انڈیا اور ٹیلی کام مشن کے ذریعہ شہریوں کو ٹیکنالوجی فراہم کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں سیمی کنڈکٹر صنعت کی ترقی سے اس نظریے کو مزید استحکام ملے گا۔ ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ سیمی کان انڈیا میں عالمی سیمی کنڈکٹر کمپنیوں کے سرکردہ لیڈر شرکت کررہے ہیں جہاں عالمی رہنماؤں، کمپنیوں اور سیمی کنڈکٹر صنعت کے ماہرین کو یکجا ہونے کا موقع ملے گا۔ اس کانفرنس میں 250 سے زیادہ نمائش کار اور 150 مقررین شرکت کررہے ہیں۔ بھارت سیمی کنڈکٹر سے متعلق مینوفیکچرنگ ایکو نظام تیار کرنے کیلئے پرعزم ہے اور وہ الیکٹرانکس پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ٹیکنالوجی کے انقلاب میں پیش پیش ہے۔ سیمی کنڈکٹر کا استعمال مواصلات، دفاع، آٹو موبائل اور کمپیوٹنگ آلات سمیت تقریبا سبھی شعبوں میں کیا جاتا ہے۔ بھارت عالمی سیمی کنڈکٹر شعبے میں ایک اہم رول ادا کرے گا اور سیمی کان انڈیا بھارت میں سیمی کنڈکٹر ایکو نظام کو وسعت دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کی خاطر ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں