August 5, 2024 9:39 PM

printer

ہماچل پردیش کے شملہ، منڈی اور کُلّو اضلاع میں بادَل پھٹنے کے حالیہ واقعات میں لاپتہ لوگوں کی تلاش آج پانچویں دن بھی جاری رہی

ہماچل پردیش کے شملہ، منڈی اور کُلّو اضلاع میں بادَل پھٹنے کے حالیہ واقعات میں لاپتہ لوگوں کی تلاش آج پانچویں دن بھی جاری رہی۔ تقریباً 40 لوگ اب بھی لاپتہ ہیں جبکہ اب تک 15 لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔
شملہ، منڈی اور کُلّو اضلاع میں بادل پھٹنے کے بعد لاپتہ لوگوں کی تلاش کی کارروائی جاری ہے۔ ریاست کے مختلف مقامات سے اب تک 15 لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ شملہ ضلع کے Samej علاقے میں تلاشی کی کارروائی کے پانچویں دن، ڈونگری کے Sunni Dam کے پاس سے ایک نوجوان خاتون اور ایک مرد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ شملہ کے ڈپٹی کمشنر انوپم کشیپ نے کہا ہے کہ Samej حادثے میں 36 لاپتہ لوگوں کے اہل خانہ کے DNA نمونے اکٹھا کئے گئے ہیں۔ DNA میچنگ کے بعد ہی لاشوں کی شناخت ممکن ہوسکے گی۔ انھوں نے کہا کہ اب تک 85 کلو میٹر علاقے میں تلاشی سے پانچ لاشیں نکالی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لاشوں کی حالت بہت ہی خراب ہے اور ان کی شناخت کرنا ایک چیلنج ہے۔ اسی لئے تمام لاشوں کی DNA میچنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کُلّو ضلع میں Malana کے مقام سے 15 مقامی باشندوں کو بحفاظت باہر نکالا گیا ہے۔
اتراکھنڈ میں رُودریہ پریاگ ضلع میں واقع کیدارناتھ دھام سمیت کیدارگھاٹی کے قدرتی آفت سے متاثرہ علاقوں میں پانچویں دن بھی راحت اور بچاؤ کارروائیاں جاری رہیں۔ اب تک دس ہزار سے زیادہ لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ آج صبح جیسے ہی موسم صاف ہوا، فوج کے MI-17 اور شِنُوک ہیلی کاپٹروں کے ذریعے لوگوں کو بچایا گیا۔ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نکالے گئے عقیدتمندوں اور مقامی افراد کو چار دھام ہیلی پیڈ اور گوچار میں اُتارا گیا۔ لاپتہ لوگوں کی تلاش کیلئے ڈرونز اور فوج کے جاسوسی کتوں کی بھی مدد لی جارہی ہے۔ تاہم لنچول سے رام باڑہ کے علاقے میں کوئی شخص نہیں پایا گیا۔ NDRF کے کمانڈنٹ سدیش کمار نے بتایا کہ کیدار گھاٹی میں جاری راحت اور بچاؤ کارروائی کے کل تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں