ہماچل پردیش کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں ہلکی بارش ہورہی ہے۔ برفباری کے سبب تین قومی شاہراہوں سمیت تقریبا 150 سڑکوں پر موٹر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ موسمیات کے محکمہ نے کل صبح تک ریاست کے بالائی علاقوں میں برفباری اور دیگر حصوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ریاست میں برفباری کی وجہ سے سینکڑوں بجلی کے ٹرانسفارمر کو نقصان پہنچنے کے سبب کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے۔ لاہول اسپیتی ضلع کے بالائی علاقوں میں تقریبا چار فٹ برفباری ہوئی ہے جبکہ مشہور سیاحتی مقام منالی بھی برف کی سفید چادر سے ڈھک گیا ہے۔ جموں وکشمیر میں بھی برفباری کے سبب معمولات زندگی متاثر ہیں۔ فوج اور جموں وکشمیر پولیس سمیت انتظامیہ برفباری سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔ اِس دوران جموں وسری نگر قومی شاہراہ پر پھنسی ہوئی گاڑیوں کو نکالنے کیلئے ٹریفک کو عارضی طور پر بحال کردیا گیا ہے۔ کل دوپہر سے شدید برفباری کی وجہ سے قومی شاہراہ پر موٹرگاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی تھی۔ ریاست کے موسمیات کے محکمے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے آئندہ دنوں سردی میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔ وزیراعلی عمر عبداللہ نے اصل سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت، بجلی کی بحالی، پینے کے پانی کی سپلائی اور ضروری سامان کی دستیابی سے متعلق سبھی اقدامات کا جائزہ لیا۔
Site Admin | December 28, 2024 9:23 PM