September 12, 2024 9:56 PM

printer

ہریانہ میں ہونے والے واحد مرحلے کے اسمبلی انتخابات اور جموں کشمیر میں تیسرے مرحلے کی پولنگ کیلئے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا عمل آج شام ختم ہوگیا

ہریانہ میں واحد مرحلے کے اسمبلی انتخابات اور جموں وکشمیر میں تیسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ کیلئے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا عمل آج شام ختم ہوگیا۔ کاغذات کی جانچ پڑتال کَل کی جائے گی۔
ہریانہ میں ہونے والے اسمبلی چناؤ کیلئے اِس مہینے کی 16 تاریخ تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ وہاں 90 ارکان پر مشتمل اسمبلی کیلئے ووٹنگ اگلے مہینے کی 5 تاریخ کو ہوگی۔
جموں وکشمیر میں آخری مرحلے کے چناؤ کیلئے کاغذات کی جانچ پڑتال کَل کی جائے گی اور اِس مہینے کی 17 تاریخ تک نام واپس لئے جاسکیں گے۔ اِس مرحلے میں اگلے مہینے کی پہلی تاریخ کو 40 اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے چناؤمہم کا یہ آخری ہفتہ ہے۔ اِس مرحلے میں وادیئ چناب کے تین ضلعوں میں اِس مہینے کی 18 تاریخ کو آٹھ اسمبلی حلقوں میں پولنگ ہوگی۔
پہلے مرحلے میں کشتواڑ، ڈوڈہ اور رام بن ضلعے کے آٹھ اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ Nashri سے بانیہال تک جموں -سرینگر قومی شاہراہ کے 66 کلو میٹر تک پھیلے ہوئے رام بن ضلع میں مجموعی طور پر دو لاکھ 24 ہزار 195 ووٹر ہیں، ان میں ایک لاکھ 8 ہزار 185 خواتین اور ایک مخنث ووٹر ہے۔ رام بن اور بانیہال حلقوں میں 365 پولنگ مرکز بنائے گئے ہیں۔ اُدھر ڈوڈہ ضلع کے تین اسمبلی حلقوں میں سے ڈوڈہ ایسٹ اسمبلی حلقہ اہمیت کا حامل ہے جہاں 98 ہزار 582 رائے دہندگان ہیں۔ ان میں 48 ہزار 32 خواتین اور دو مخنث ووٹر ہیں۔ اِس حلقے میں 171 پولنگ مرکز بنائے گئے ہیں۔پہلے مرحلے میں 23 لاکھ 27 ہزار سے زیادہ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے۔ان میں پانچ لاکھ 66 ہزار نوجوان رائے دہندگان بھی شامل ہیں۔ اس مرحلے میں ووٹ دینے والی خاتون رائے دہندگان کی تعداد 11 لاکھ 51 ہزار ہے جبکہ 60 مخنث ووٹر بھی شامل ہیں۔

 

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں