گجرات میں آج سوراشٹر کے ساحلی ضلعوں میں تیز بارش ہوئی۔ اِن میں جونا گڑھ، گیر سومناتھ اور دیو بھومی دوارکا شامل ہیں۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ مرکزی وزیر منسکھ مانڈویا نے پوربندر میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔اِدھر بھارتی موسمیات محکمے نے کل کیلئے پوربندر، جونا گڑھ، دیو بھومی دوارکا، نوساری اور ولساڑ ضلعوں کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔
جنوب مغربی مانسون کے ریاست میں مزید آگے بڑھنے کے ساتھ ہی آج ریاست کی 87 سے زیادہ تحصیل میں ہلکی سے شدید بارش ہوئی۔ دوارکا تحصیل میں تقریباً 7 انچ بارش ہوئی، جو ریاست میں سب سے زیادہ ہے۔ پچھلے دو روز سے شدید بارش کے سبب سوراشٹر خطے میں کئی باندھوں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ مرکزی وزیر منسکھ مانڈویا آج سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پوربندر پہنچے۔ وزیر موصوف نے شہر کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ضلع انتظامیہ کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی۔ پوربندر میں کَل 20 انچ سے زیادہ بارش ہوئی تھی جس کے بعد کئی مقامات پر پانی بھر گیا تھا۔ بھارتی موسمیات محکمے نے اگلے چار روز کے دوران ریاست میں دور دور تک بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ پوربندر، جوناگڑھ، دیوبھومی، دوارکا، نوساری اور وَلساڑ کے علاوہ دَمن اور دادرا نگر حویلی میں کہیں کہیں شدید سے بہت شدید بارش کا امکان ہے۔
بھارتی موسمیات محکمے IMD نے اگلے پانچ روز کے دوران، ملک کے مغربی، وسطی، مشرقی اور جنوبی جزیرہ نما خطے میں گرج چمک کے ساتھ دور دور تک ہلکی سے اوسط بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ آئندہ دو دنوں میں شمال مغربی بھارت میں اتراکھنڈ میں کہیں کہیں بہت شدید بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ، منگل اور بدھ کے روز مشرقی راجستھان میں، پیر اور منگل کے روز ہماچل پردیش میں اور پیر کے روز مغربی اترپردیش میں کہیں کہیں بہت شدید بارش بھی ہوسکتی ہے۔ IMD نے آئندہ پانچ دنوں کے دوران ملک کے شمال مشرقی حصے میں گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔