گجرات کے مختلف مقامات پر پچھلے تین دن سے لگاتار تیز بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے معمول کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ریاست کے 75 باندھوں میں پانی اوپر بہہ رہا ہے جبکہ 45 سے زیادہ باندھ ہائی الرٹ پر ہیں۔اِسی دوران، بھارتی محکمہئ موسمیات نے آج گجرات کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ راجستھان کے اوپر ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے آج جنوبی راجستھان کے کچھ علاقوں میں تیز سے بہت تیز بارش کی توقع ہے۔بہار میں کئی ندیوں، بشمول گنگا، گنڈک، کوسی اور مہانندا میں پانی کا بہاؤ عروج پر ہے جس سے ریاست کے سات ضلعوں میں سیلاب آگیا ہے۔ بہار کے بھاگلپور، کٹیہار، کھگڑیا، پٹنہ اور مونگیر ضلعے سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔بھاگلپور ضلعے کے 8 سے زیادہ بلاکس، گنگا ندی میں پانی کی مقدار بڑھنے سے آئے سیلاب سے متاثر ہیں۔
نوگاچیا، کہل گاؤں، سلطان گنج، اسماعیل پور، گوپال پور، رانگڑا اور نارائن پور میں سیلاب کے قہر کا سب سے زیادہ اثر پڑا ہے۔ نقل مکانی پر مجبور لوگوں نے راحت کیمپوں اور اونچے علاقوں میں پناہ لے رکھی ہے۔ سیلاب متاثرین کیلئے ضلع انتظامیہ نے کمیونٹی کچن شروع کئے ہیں۔ پٹنہ ضلع میں سیلاب کے تناظر میں ندی کے کنارے اور نشیبی علاقوں میں واقع 76 اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔
Site Admin | August 27, 2024 9:30 PM