بھارتی محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ اگلے چند دنوں میں ملک کے مغربی اور وسطی حصوں میں شدید سے بہت شدید بارش ہوگی۔ محکمہ نے کہا کہ کل تک گجرات، کونکن، گوا اور مہاراشٹر میں شدید بارش جاری رہے گی اور اس کے بعد بھی شدید سے بہت شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ کل تک کرناٹک اور اڈیشہ کے دور دراز کے مقامات پر بھی بے حد شدید بارش ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے دلّی میں اس ماہ 28 تاریخ تک عام طور پر مطلع ابر آلود رہنے اور درمیانی درجے کی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
گجرات کو شدید بارش سے کچھ راحت ملی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ سوراشٹر اور گجرات خطوں میں بارش کا تناسب نسبتاً کم ہوگیا ہے، تاہم کئی مقامات پر پانی بھرجانے سے معمولاتِ زندگی متاثر رہے۔
کچھ اور سوراشٹر اور جنوبی گجرات خطوں کے بعد وسطی گجرات اور شمالی گجرات میں آج موسلادھار بارش ہوئی۔گجرات میں شدید بارش کے بعد 40 ڈیمس لبریز ہوچکے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ ضلعوں کے نشیبی علاقوں سے NDRF کی ٹیموں نے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور سورت، پوربندر اور وڈودرہ ضلعوں میں آج سیلاب کے پانی میں پھنسے افراد کو بھی بچایا۔ گجرات میں پورنا، وِشوامتری اور دمن گنگا سمیت کئی ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ راحت کمشنر آلوک کمار پانڈے نے بتایا کہ بارش سے متعلق حادثات کے دوران گجرات میں پچھلے 24گھنٹوں میں ہوئی دو اموات کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 63 ہوگئی ہے۔
مہاراشٹر میں بالخصوص ممبئی، پونے، تھانے، رائے گڑھ، پال گھر، کولہاپور اور سانگلی میں جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے ندیاں اور ڈیمس لبریز ہوچکے ہیں، جس کے نتیجے میں ڈیم کے دروازے کھولنا پڑے۔ اس کے نتیجے میں کئی نشیبی علاقوں اور ڈیم کے قریب علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے کَل صبح تک ممبئی، پونے، تھانے، پال گھر، رائے گڑھ اور ستارا میں انتہائی شدید بارش سے متعلق ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ رائے گڑھ، رتناگری اور ستارا کیلئے کَل بھی ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مہاراشٹر میں جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے کئی ضلعوں میں روزمرّہ کی زندگی شدید طور پر متاثر ہوئی ہے۔ ریاست کے کئی ضلعوں میں اسکولوں نے آج اور کَل کیلئے چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ پونے ضلع میں بارش سے متعلق حادثات میں کَل سے اب تک 4 لوگوں کی موت ہوگئی اور 12 افراد زخمی ہوگئے۔ پونے شہر کے ایکتانگر میں فوج اور NDRF نے بچاؤ آپریشن انجام دیا۔ ممبئی اور پونے کے درمیان چلنے والی کئی ٹرینوں کو آج اور کَل کیلئے منسوخ کردیا گیا۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شدید ضروری ہو تو ہی گھروں سے باہر نکلیں۔