وزیراعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ کَل جو مرکزی بجٹ پیش کیا جائے گا، اُس سے اگلے 5 سال کے ترقی کے سفر کی سمت طے ہوگی اور 2047 تک وِکست بھارت کے خواب کی تکمیل کی بنیاد پڑے گی۔ جناب مودی آج بجٹ اجلاس شروع ہونے سے قبل پارلیمنٹ کے باہر نامہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں اپنا فیصلہ سُنا دیا ہے اور اَب سبھی سیاسی پارٹیوں کو اگلے 5 سال کیلئے ملک کی خاطر مل کر جدوجہد کرنی چاہئے۔جناب مودی نے اپوزیشن پارٹیوں کی مبینہ منفی سیاست کے لیے اُن پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹیاں اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے پارلیمنٹ کے وقت کا استعمال کرتی ہیں۔ گزشتہ اجلاس کی کارروائی میں رُکاوٹ پڑنے کا ذکر کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں نے پارلیمنٹ میں اُن کی آواز دبانے کی کوشش کی۔انھوں نے کہا کہ جمہوریت میں اِس طرح کے ہتھکنڈے کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ اُن کی سرکار اُن گارنٹیوں پر عمل درآمد کیلئے آگے بڑھ رہی ہے، جس کا انھوں نے عوام سے وعدہ کیا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ بجٹ اجلاس ملک کے شاندار جمہوری سفر میں ایک اہم منزل کے مترادف ہے۔ وزیراعظم نے سیاسی پارٹیوں پر بھی زور دیا کہ پارٹی وابستگی سے اُوپر اُٹھیں اور اگلے ساڑھے چار سال کیلئے خود کو ملک کیلئے وقف کردیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ سبھی پارٹیوں کو چاہئے کہ وہ کسانوں اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے شامل ہوں، کیونکہ سیاسی لڑائی تو 2029 میں لڑی جاسکتی ہے، جب چناؤ ہوگا۔
Site Admin | July 22, 2024 3:02 PM