دلّی اسمبلی انتخابات کیلئے کَل ہونے والی ووٹنگ کی سبھی تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ 70 رکنی اسمبلی کیلئے کُل 699 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوگی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹوں کی گنتی ہفتے کے روز کی جائے گی۔ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال، دلّی کی وزیر اعلیٰ آتشی اور دلّی کے وزیر گوپال رائے، BJP کے وجیندر گپتا، پرویش ورما، رمیش بدھوڑی اور کیلاش گہلوت چناؤ لڑنے والے سرکردہ امیدوار ہیں۔ کانگریس نے سندیپ دکشت، ہارون یوسف اور الکا لامبا کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔
قومی راجدھانی میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کی خاطر وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ 70 اسمبلی حلقوں میں کُل 13 ہزار 760 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں، جن میں سے 70 پولنگ مراکز پر پوری طرح خواتین عملہ تعینات رہے گا۔ دیگر 70 پولنگ مراکز میں ہر اسمبلی حلقے میں ایک پولنگ مرکز کی ذمہ داری دِویانگ عملہ سنبھالے گا۔ اِس چناؤ میں 783 ووٹر 100 سال سے زیادہ عمر کے ہیں۔ پولنگ مراکز پر پینے کے پانی وھیل چیئر سمیت دیگر سہولیات دستیاب رہیں گی۔
دلّی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ہریانہ سرکار نے، دلّی کے قومی راجدھانی خطے کے رجسٹرڈ ووٹروں کیلئے کل چھٹی کا اعلان کیا ہے، جس کے عوض حکومت، رقم کی ادائیگی بھی کرے گی۔ چھٹی کا مقصد سرکاری ملازمین، کار خانوں، دکانوں اور پرائیویٹ اداروں میں کام کرنے والے اُن ملازمین کو ووٹ ڈالنے میں آسانی فراہم کرنا ہے، جن کے نام ووٹر کے طور پر دلّی میں رجسٹرڈ ہیں۔
Site Admin | February 4, 2025 9:28 PM
کَل، 70 رکنی دلّی اسمبلی کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی ہفتے کو ہوگی
