June 13, 2024 10:07 AM

printer

کویت میں ایک رہائش گاہ میں آگ لگنے سے تقریباً 40 بھارتی ہلاک اور 50 دیگر زخمی ہوگئے۔ وزیراعظم مودی نے مہلوکین کے ورثا کو دو۔دو لاکھ روپے کی امداد دیے جانے کا اعلان کیا

خارجی امور کی وزارت نے کہا ہے کہ کویت کے MANGAF علاقے میں مزدروں کی ایک رہائش گاہ میں آگ لگنے کے واقعے میں تقریباً 40 سے زیادہ افراد ہلاک اور 50 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت نے بتایا ہے کہ سفارتخانہ کویت کے متعلقہ حکام اور کمپنی سے مکمل تفصیل حاصل کر رہا ہے۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اِس واقعے میں زخمی افراد کو پانچ سرکاری اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے اور اُنھیں مناسب طبی دیکھ بھال اور نگہداشت حاصل ہو رہی ہے۔ اسپتال کے حکام کے مطابق داخل کرائے گئے زیادہ تر مریضوں کی حالت مستحکم ہے۔

اس واقعے کے بعد کویت میں بھارت کے سفیر آدرشSwaika  نے فوری طور پر جائے حادثہ اور اسپتال کا بھی دورہ کیا تاکہ بھارتی باشندوں کی خیر و عافیت پتہ کی جا سکے۔

سفارتخانہ اُن بھارتی باشندوں کو جو اس واقعہ میں زخمی ہوئے ہیں، مدد فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، اور سبھی ممکنہ مدد فراہم کر رہا ہے۔ سفارتخانہ کو کویت کے حکام سے مکمل تعاون حاصل ہو رہا ہے اور سفارتخانہ متاثرہ افراد کو مدد فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں بھی ہے۔ سفارتخانے نے ایک ہیلپ لائن نمبر  پلس نو چھ پانچ___  چھ پانچ، پانچ صفر پانچ دو چار چھقائم کیا ہے۔

ہیلپ لائن کے ذریعے تازہ جانکاری فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے کَل نئی دلی میں اپنی رہاہش گاہ پر کویت میں آگ لگنے کے سانحے پر ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، آگ لگنے کے اِس واقعے میں کئی بھارتی شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ وزیراعظم نے واقعے پر افسوس ظاہر کیا اور مہلوکین کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انھوںنے زخمی افراد کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

وزیراعظم نے اس بات کی ہدایت کی کہ اُنہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جانی چاہیے۔ انھوں نے خارجی امور کے   وزیر مملکت کیرتی وردھن سنگھ کو کویت کا فوری طور پر دورہ کرنے کی ہدایت دی تاکہ امدادی کارروائیوں کو دیکھا جا سکے اور اُن کے جسدِ خاکی کو جلد واپس لانے میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

اس دوران امور خارجہ کے وزیر مملکت کیرتی وردھن سنگھ کویت کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

وزیراعظم نے ہلاک ہونے والے بھارتی باشندوں کے اہلِ خانہ کو وزیراعظم کے امدادی فنڈ سے دو۔دو لاکھ روپے کی امداد دیے جانے کا اعلان کیا ہے۔

اس میٹنگ میں وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر، خارجی امور کے وزیر مملکت کیرتی وردھن سنگھ، وزیراعظم کے پرنسپل سکریٹری پرمود کمار مشرا، قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوبھال، خارجہ سکریٹری وِنے موہن کواترا اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں