بھارت آج ایک خصوصی پرواز کے ذریعے کویت کی ایک عمارت میں آگ لگنے کے المناک واقعے میں ہلاک ہونے والے اپنے 45 شہریوں کے جسدخاکی وطن واپس لائے گا۔ ایک بیان میں کویت میں بھارتی سفارتخانے نے کہا کہ یہ خصوصی پرواز دلی کیلئے روانہ ہونے سے پہلے کوچی اترے گی۔ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر بھارتی شہری کیرالہ سے ہیں جن کی تعداد 23 ہے۔خارجی امور کے وزیرمملکت کیرتی وردھن سنگھ بھارتی شہریوں کے جسد خاکی کو جلد سے جلد وطن واپس لانے اور حادثے میں زخمی ہوئے افراد کی خیروعافیت کو یقینی بنانے کیلئے کویتی حکومت کے ساتھ تال میل کی خاطر کل وہاں پہنچے تھے۔
جناب کیرتی وردھن سنگھ نے کل کویت کے نائب وزیراعظم شیخ فہد یوسف سعود الصباح سے ملاقات کی تھی۔
کویت کے نائب وزیراعظم نے امیر کویت کی جانب سے تعزیت کی اور ہرممکن مدد کی اُن کی ہدایات کے بارے میں مطلع کیا۔کویت میں بھارتی سفارتخانے نے کہاہے کہ جناب کیرتی وردھن سنگھ نے امیر کویت کیلئے وزیراعظم نریندرمودی کی نیک خواہشات پیش کیں اور فوری طور پر مدد فراہم کرنے لیے کویتی حکام کا شکریہ ادا کیا۔
ادھر کیرالہ میں ریاستی وزیر صحت وینا جارج نے کہاہے کہ کیرالہ کے سبھی باشندوں کے جسد خاکی واپس لانے کیلئے سبھی انتظامات کرلئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سبھی ضروری کارروائی کرلی گئی ہے۔
اس دوران مرکزی حکومت نے کویت میں ہلاک ہوئے بھارتی شہریوں کے کنبوں کو دو لاکھ روپے کی نقد امداد کا اعلان کیاہے، وہیں Mangaf میں رہائشی عمارت کی کمپنی NBTC نے ہرکنبے کو آٹھ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیاہے۔ معروف غیرملکی تاجر اور یواے ای کے لُولُو گروپ کے چیئرمین ایم اے یوسف علی نے بھی متاثرین کے کنبوں کو پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیاہے۔ کیرالہ حکومت نے بھی مہلوکین کے کنبوں کو پانچ لاکھ روپے اور زخمیوں کو ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیاہے۔
Site Admin | June 14, 2024 9:29 AM