کرناٹک کے سابق وزیرِ اعلیٰ اور سابق مرکزی وزیر ایس ایم کرشنا کا آج صبح سویرے بنگلورو کے Sadashivanagar میں واقع اُن کی رہائش گاہ میں انتقال ہوگیا۔ وہ طویل عرصے سے بیمار تھے۔ ایس ایم کرشنا اپنے سیاسی کیریئر کے دوران مختلف سرکردہ عہدوں پر فائز رہے۔ انہوں نے 1999 سے 2004 تک کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے اور 2009 سے 2012 تک خارجی امور کے وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے 2004 اور 2008 کے عرصے میں مہاراشٹر کے 18 ویں گورنر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔
صدرِ جمہوری دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی نے کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں صدرِ جمہوریہ نے لکھا ہے کہ جناب کرشنا نے عوامی زندگی میں اپنے طویل کیریئر کے دوران مختلف صلاحیتوں کے ساتھ لوگوں کی خدمت کی ہے۔ صدرِ جمہوریہ نے مزید کہا کہ کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ نے ریاست کی ترقی کے اپنے عہد کیلئے لوگوں کا پیار محبت حاصل کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ایس ایم کرشنا کو ایک ایسا رہنما قرار دیا، جنہوں نے کرناٹک میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر اپنی توجہ مرکوز کی۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب مودی نے کہا کہ کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ نے شہریوں کی زندگی کیلئے انتھک کام کیا اور انہیں ایک عظیم لیڈر اور نظریہ ساز کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔