کامرس اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے کہا ہے کہ بھارت میں، یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ اگلے 5 سال میں، خوراک اور مشروبات، زراعت اور سمندری مصنوعات کی صنعتوں کی مشترکہ برآمدات میں 100 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ جائے۔ نئی دلّی میں، اِنڈس فوڈ 2025 سے الگ اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر موصوف نے زور دے کر کہا کہ یہ مقصد قابلِ حصول ہے، جس کے لیے 14 سے 15 فیصد سالانہ مشترکہ شرح ترقی، درکار ہے۔
جناب گوئل نے، خوراک اور مشروبات کے شعبے کو حکومت کی طرف سے بلا روکاوٹ مدد دینے کی بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے، اِس شعبے میں 100 فیصد غیر ملکی راست سرمایہ کاری کی منظوری دے دی ہے اور غیر ملکی کمپنیوں کے لیے بھارت میں، کاروبار قائم کرنے کی اجازت لینے کا عمل آسان کر دیا ہے۔
وزیر موصوف نے بھارتی کمپنیوں سے زور دے کر کہا کہ وہ اختراع، بہتر پیکیجنگ، پائیداری اور صفائی ستھرائی نیز استعداد میں اضافہ کرنے والے ڈبّہ بندی کے نظام میں سرمایہ لگائیں۔
خوراک کی صنعت میں پائیداری کو فروغ دینے کے بارے میں جناب گوئل نے، زراعت کے عمل کو مزید پائیدار بنانے، آرگینِک کاشت کاری کو فروغ دینے اور پورے ملک میں خوراک کی جانچ کرنے والی لیباریٹریز میں اضافہ کرنے پر حکومت کی توجہ کو اُجاگر کیا۔