کابینہ نے آیوشمان بھارت پی ایم جَن آروگیہ یوجنا کے تحت 70 سال کی عمر سے زیادہ کے تمام بزرگوں کو آمدنی سے قطع نظر صحت کوریج فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ آج شام نئی دلّی میں کابینہ میٹنگ کے بعد صحافیوں کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ بزرگ شہریوں کو 5 لاکھ روپے تک کے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
70 سال یا اس سے زیادہ کی عمر کے بزرگ شہری، جو پہلے سے ہی صحتِ عامہ کی دیگر بیمہ اسکیموں مثلاً مرکزی حکومت کی صحت اسکیم، سابق فوجیوں کے تعاون کیلئے صحت اسکیم، آیوشمان مرکزی مسلح پولیس فورس کے فوائد حاصل کر رہے ہیں، وہ اپنی موجودہ اسکیم کو جاری رکھیں یا آیوشمان بھارت پی ایم جَن آروگیہ یوجنا کا انتخاب کریں۔
وہ بزرگ شہری، جو نجی صحت بیمہ پالیسیوں یا ایمپلائیز اسٹیٹ انشورینس ESI اسکیم کے تحت فوائد حاصل کر رہے ہیں، وہ بھی آیوشمان بھارت پی ایم جَن آروگیہ یوجنا کے تحت فوائد حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔