سائنس اور ٹیکنالوجی، ارضیاتی سائنسز کے مرکزی وزیر مملکت نیز وزیراعظم کے دفتر کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں میں ایک علاقائی موسمیاتی مرکز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ کَل بھارت کے محکمہ موسمیات IMD کی 150 ویں سالگرہ کی ماقبل شام، ایک اہم پروگرام ”موسم اور آب وہوا کی تبدیلی کی خدمات سے متعلق، شراکت داروں کی ورکشاپ“ سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر سنگھ نے سری نگر موسمیاتی مرکز کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس مرکز کو موسمیات سے متعلق عالمی ادارے WMO کے ذریعہ سو سال پرانے مرکز کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ جناب سنگھ نے اعتماد ظاہر کیا کہ جموں میں قائم ہونے والا علاقائی موسمیاتی مرکز، اس کی کامیابی کو دہرائے گا۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ اس نئے مرکز سے جموں خطے کے منفرد جغرافیائی اور آب وہوا کی تبدیلی سے متعلق چیلنجوں کو حل کرنے میں مدد ملے گی اور ملک بھر میں بالکل درست اور بروقت موسم کی پیشگوئی کرنے کے IMD کے مشن میں تعاون حاصل ہوگا۔ اس مرکز کے قیام سے امرناتھ یاترا اور ویشنو دیوی یاترا جیسی اہم یاتراؤں کیلئے موسم سے متعلق درست پیشگوئی کو یقینی بنانے میں بھی مدد فراہم ہوگی۔×