امریکہ سے بھارتی شہریوں کو وطن واپس بھیجے جانے کے معاملے پر اپوزیشن کی جانب سے بحث کے مطالبے پر آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں شور و غل جاری رہا۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اِس معاملے پر راجیہ سبھا میں دوپہر دو بجے بیان دینے والے ہیں۔ لوک سبھا میں دوپہر 12 بجے، جب ایوان کی کارروائی پھر شروع ہوئی تو کانگریس، DMK، TMC، سماج وادی پارٹی اور دیگر سمیت اپوزیشن ارکان نے Deportation کے معاملے پر اپنا احتجاج جاری رکھا اور نعرے بازی شروع کردی۔ وہ اِس معاملے پر احتجاج کرتے ہوئے، ایوان کے وسط میں آگئے اور بحث کا مطالبہ کیا۔ صدر نشیں نے اپوزیشن پارٹیوں سے ایوان کی کارروائی چلنے دینے کی اپیل کی لیکن اِس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ بعد میں لوک سبھا کی کارروائی دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔
راجیہ سبھا میں بھی اِس معاملے پر کارروائی میں رخنہ اندازی ہوئی۔ جب آج صبح ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو اپوزیشن کے ممبران نے امریکہ سے بھارتی شہریوں کو وطن واپس بھیجے جانے کے معاملے پر احتجاج شروع کردیا اور بحث کا مطالبہ کیا۔ شور و غل کے درمیان نائب صدرِ نشیں ہری وَنش نے ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک کیلئے ملتوی کردی۔ بعد میں جب ایوان کی کارروائی پھر شروع ہوئی تو صدر نشیں جگدیپ دھنکھڑ نے ایوان کو مطلع کیا کہ وزیر خارجہ اِس معاملے پر بیان دیں گے۔ x