چھتیس گڑھ کے بیجا پور ضلعے میں 17 نکسلیوں نے خود سپردگی کی ہے۔ پولیس کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا ہے کہ ایک جوڑے سمیت ماؤ نواز کارِندوں نے کل بیجا پور میں سینئر پولیس اور مرکزی ریزرو پولیس فورس CRPF کے اہلکاروں کے سامنے ہتھیار ڈالے۔ بیجا پور پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ جتیندر کمار یادو نے بتایا کہ ہتھیار ڈالنے والے نکسلیوں نے ماؤ نوازوں کے کھوکھلے اور غیر انسانی نظریات کو مایوس کُن قرار دیا۔ انہوں نے سینئر کیڈرس کے ذریعے معصوم قبائلیوں کے استحصال اور سکیورٹی فورسز کے بڑھتے ہوئے اثرات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ Niya Nellanar اسکیم سے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں، اس اسکیم کے تحت سکیورٹی فورسز اور انتظامیہ دوردراز علاقوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے اور ترقیاتی کام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
خود سپردگی کرنے والے سبھی نکسلی غیر قانونی قرار دی گئی ماؤ نواز تنظیم کے Gangaloor علاقے کی کمیٹی میں مختلف کاموں میں سرگرم تھے۔ خودسپردگی کرنے والے 17 نکسلیوں میں سے 6کیڈرس پر ایک-ایک لاکھ روپے کا انعام تھا۔ ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ، بَستر فائٹرس، خصوصی ٹاسک فورس، CRPF اور اس کے سرکردہ یونٹ CoBRA نے اِن نکسلیوں کی خودسپردگی میں اہم رول ادا کیا ہے۔×