چھتیس گڑھ میں آج سکیورٹی فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ میں 9 ماؤنواز ہلاک ہوگئے۔ یہ جھڑپ بَستر ڈویژن کے دانتے واڑہ اور بیجاپور ضلعوں کے سرحدی علاقے میں ہوئی۔
سکیورٹی فورسز کو چھتیس گڑھ کے بَستر ڈویژن کے دانتے واڑہ اور بیجاپور ضلعوں کے سرحدی علاقے میں بڑی تعداد میں ماؤنوازوں کی موجودگی کے بارے میں خبر ملی تھی۔ اِس کے بعد، سینٹرل ریزرو پولیس فورس CRPF اور ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ DRG کی ایک مشترکہ ٹیم کو Endri گاؤں کے نزدیک علاقے میں تلاشی کی کارروائی کیلئے بھیجا گیا۔ اِس کارروائی کے دوران، Bailadila کی پہاڑیوں کے نزدیک آج صبح سکیورٹی فورسز اور ماؤنوازوں کے درمیان ایک جھڑپ ہوئی۔ جھڑپ کے بعد جائے وقوع سے 9 ماؤنوازوں کی لاشوں کو برآمد کرلیا گیا۔ اِس کے علاوہ، جائے واردات سے ایک سیلف لوڈنگ رائفل SLR اور دیگر دو رائفلیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ تلاشی کی کارروائی اب بھی جاری ہے۔اِسی دوران، ریاست کے بیجاپور ضلع میں پولیس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف مقامات سے 13 ماؤنوازوں کو گرفتار کیا ہے۔ اِن میں سے 7 ماؤنوازوں کو Gangalur علاقے سے اور دیگر 6 ماؤنوازوں کو Tarrem پولیس اسٹیشن علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ ماؤنواز مبینہ طور پر بہت سے واقعات میں ملوث رہے ہیں۔
Site Admin | September 3, 2024 9:46 PM