وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سرکار نے اِس بات کا تہیہ کررکھا ہے کہ ملک زراعت کے شعبے میں عالمی سطح پر جدت طرازی اور صاف ستھرے محفوظ اشیائے خوردنی کا ایک معیار قائم کرے۔ انہوں نے ورلڈ فوڈ انڈیا 2024 کے آج پہلے دن ایک ویڈیو پیغام میں یہ بات کہی ہے، جس کا اہتمام نئی دلّی میں کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں اشیائے خوردنی کا ایک متنوع اور گوناگوں کلچر پایا جاتا ہے اور ملک کے کسان اِس نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکار نے ڈبہ بند صنعت کے شعبے میں تبدیلی لانے کی غرض سے بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے سرکار اشیائے خوردنی کے نظام کو جدید بنانے اور سپلائی کے سلسلے کو مضبوط و مستحکم کرنے کی غرض سے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر اعظم نے خوراک کو ڈبہ بند کرنے کے شعبے میں صد فیصد براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی طرف توجہ دلاتے ہوئے، پردھان منتری کسان Sampada یوجنا اور اِسی طرح کی دوسری اسکیموں کا ذکر کیا۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ سرکار چھوٹے صنعت کاروں پر توجہ مرکوز کررہی ہے تاکہ وہ اس عالمی نظام کا ایک اہم جزو بن سکیں۔
اِس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے، خوراک کو ڈبہ بند کرنے کی صنعتوں کے وزیر چراغ پاسوان نے کہا کہ یہ صنعت بھارت کی معیشت اور ترقی میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی فوڈ انڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے، جو اِس صنعت کو عالمی سطح پر شہرت دلاتا ہے۔
چار روزہ عظیم الشان ’ورلڈ فوڈ انڈیا 2024‘ نمائش آج سے نئی دلّی میں بھارت منڈپم میں شروع ہوگئی ہے۔ اس نمائش میں 90 سے زائد ممالک، 26 ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے اور 18 مرکزی وزارتیں شرکت کر رہی ہیں۔