صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے پیرس پیرالمپک میں مردوں کے بھالا پھینکنے کے F41 مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے پر نودیپ سنگھ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں صدرجمہوریہ مرمو نے کہا کہ نودیپ پر ملک کو فخر ہے۔ صدرجمہوریہ اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ نودیپ نے اپنی کارکردگی کو بہتر بنایاہے اور کھیلوں کے شائقین کو خوشی کا موقع فراہم کیاہے۔ اس دوران صدرجمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ اور وزیراعظم نریندرمودی نے سمرن شرما کو بھی مبارک باد پیش کی جنہوں نے پیرس پیرالمپک میں خواتین کے 200 میٹرT12 مقابلوں میں کانسے کا تمغہ جیتا ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں محترمہ مرمو نے کہا کہ سمرن کے کارنامے سے ایتھلیٹکس میں کریئر بنانے کے خواہشمندوں بالخصوص لڑکیوں کو تحریک ملے گی۔
صدرجمہوریہ نے امید ظاہر کی کہ سمرن مستقبل میں بھی بھارت کیلئے مزید اعزازات حاصل کریں گی۔
نائب صدرجگدیپ دھنکھڑ نے کہا کہ سمرن شرما کی سخت محنت، جدوجہد اور عزم نے انہیں اس ناقابل تسخیر سنگ میل تک پہنچایاہے۔ نائب صدر نے سمرن کو ان کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات بھی پیش کیں۔
وہیں وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ سمرن شرما کی کامیابی سے کئی لوگوں کو تحریک ملے گی۔ وزیراعظم نے سمرن شرما کے عزم،جذبے اور زبردست ہنر کی تعریف کی۔