August 9, 2024 9:48 AM

printer

پیرس اولمپکس میں بھارت کے نیرج چوپڑہ نے چاندی کا تمغہ جیتا، صدر جمہوریہ اور وزیراعظم نے نیرج چوپڑہ کو مبارکباد دی

پیرس اولمپکس 2024 میں کَل رات مردوں کے نیزہ پھینکنے کے مقابلے میں بھارت کے سرکردہ ٹریک اینڈ فیلڈ ایتھیلیٹ نیرج چوپڑا نے 89 اعشاریہ چار پانچ میٹر نیزہ پھینک کر چاندی کا تمغہ جیتا۔ پاکستان کے ارشد ندیم نے 90 اعشاریہ پانچ سات میٹر کا پچھلا اولمپک ریکارڈ توڑتے ہوئے 92 اعشاریہ نو سات میٹر نیزہ پھینک کر سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ نیرج چوپڑا کا چاندی کا تمغہ پیرس اولمپکس میں بھارت کا پانچواں تمغہ ہے۔

نیرج چوپڑا نے کَل رات پیرس اولمپکس 2024 میں بھارت کیلئے چاندی کا پہلا تمغہ حاصل کرکے تاریخ رقم کی اور وہ آزادی کے بعد ایتھلیٹکس میں 2 تمغے جیتنے والے پہلے بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ وہ کشتی کھلاڑی سشیل کمار اور بیڈ منٹن کھلاڑی پی وی سندھو کے بعد اولمپکس میں لگاتار تمغے جیتنے والے دوسرے بھارتی مرد کھلاڑی اور مجموعی طور پر تیسرے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ کَل فائنل میں نیزہ پھینکنے کے سخت مقابلے میں نیرج چوپڑا کی محض ایک کوشش درست پائی گئی اور اِس کوشش میں انہوں نے اِس سیزن کا سب سے بہترین Throw کیا۔ اس طرح نیرج نے بھارت کو پیرس اولمپکس میں چاندی کا پہلا تمغہ دلا کر ملک کا نام روشن کیا۔

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیراعظم نریندر مودی نے پیرس اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر نیرج چوپڑہ کو مبارکباد دی ہے۔

ایک پیغام میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہاکہ بھارت کو اُن پر فخر ہے اور اُن کے اِس کارنامے سے آنے والی نسلوں کو ترغیب ملے گی۔

نیرج چوپڑہ کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ نیرج نے اپنی شاندار صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے اور اولمپکس میں ایک اور کامیابی کے ساتھ انہوں نے بھارت کا نام روشن کیا ہے۔

اِدھر وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی نیرج چوپڑہ کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ترنگے کی شان میں اضافہ کیاہے۔

پیرس اولمپک 2024 میں مردوں کی بھارتی ہاکی ٹیم نے 52 سال میں پہلی مرتبہ لگاتار اولمپک میں کانسے کا تمغہ جیتا ہے۔ بھارت نے کپتان ہرمن پریت سنگھ کے دو گول اور گول کیپر PR Sreejesh کی جانب سے شاندار طریقے سے گول بچائے جانے کی بدولت اسپین کو ایک کے مقابلے دو گول سے ہراکر کانسے کا تمغہ جیتا۔ Munich میں 1972 کے کھیلوں کے بعد بھارت نے لگاتار دو اولمپکس میں تمغہ جیتا ہے۔ اِس سے پہلے 2020 کے ٹوکیو اولمپکس میں بھارت نے کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے پیرس اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتنے پر بھارتی ہاکی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی قابل تحسین ہے اور ٹیم کا تسلسل، اُس کی ہنرمندی اور بھرپور مقابلہ کرنے کا اُس کا جذبہ نوجوانوں کو تحریک دیتا رہے گا۔

نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے بھی تاریخی کامیابی پر بھارتی ہاکی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیاہے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے کَل بھارتی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے فون پر بات کی اور اُنہیں اسپین کے خلاف بہترین کارکردگی کیلئے مبارکباد دی۔ جناب مودی نے ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ کو ٹیم کا سرپنچ قرار دیا۔ وزیراعظم مودی نے اعتماد ظاہر کیا کہ بھارتی ہاکی کھیل کے سُنہرے دور کو پھر دہرائے گی۔

ہاکی انڈیا نے پیرس اولمپکس 2024 میں کانسے کا تمغہ جیتنے پر مردوں کی بھارتی ہاکی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 15 لاکھ روپے اور معاون عملے کے ہر ممبر کو ساڑھے سات لاکھ روپے کا نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ ہرمن پریت سنگھ کی قیادت میں ہاکی ٹیم نے اسپین کو ایک کے مقابلے دو گول سے ہراکر 52 برس کے بعد اولمپکس میں لگاتار دوسری مرتبہ کانسے کا تمغہ جیتا ہے۔ بھارت کے گول کیپر PR Sreejesh کیلئے یہ آخری میچ رہا۔ 36 سالہ Sreejesh نے کانسے کے تمغے کیلئے اِس میچ سے پہلے ہی اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

آج پیرس اولمپکس میں کُشتی، گولف اور ایتھیلیٹکس میں بھارتی کھلاڑی اپنے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

کُشتی میں بھارت کے اَمن سہراوت مَردوں کے 57کلو گرام فری اسٹائل زمرے میں بھارتی وقت کے مطابق آج رات پونے دس بجے کانسے کے تمغے کیلئے مقابلہ کریں گے۔

گولف میں ادتی اشوک اور دیکشا ڈاگر تیسرے راؤنڈ میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔

ایتھیلیٹکس میں بھارت کی مردوو خواتین کی چار ضرب چار سو میٹر relay ٹیمیں بھی آج دوپہر اپنے کھیل کا مظاہرہ کریں گی۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں