سرکار نے کہا ہے کہ پھنسے ہوئے قرضوں کے کیس میں گولڈ لون کی نیلامی کیلئے بہت سخت طور طریقے موجود ہیں۔ آج لوک سبھا میں سوالوں کے وقفے کے دوران ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ جہاں تک گولڈ لون کی واپس ادائیگی کی بات ہے، غیر بینکاری مالی کمپنیاں اور شیڈیولڈ کمرشیل بینک ایک ہی طرح کے ضابطوں کے مطابق کام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر بینک کھاتہ رکھنے والے قرض واپس نہیں کرتے تو انہیں نوٹس جاری کئے جاتے ہیں اور یہ پیشگی وارننگ دی جاتی ہے کہ قرض واپس نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ ایجنسی کو سونے کی نیلامی کرنا پڑے گی۔
اِدھر کانگریس کی سرکردہ لیڈر سونیا گاندھی نے ملک میں خوراک کی یقینی فراہمی سے متعلق ایکٹ کو اور زیادہ موثر انداز سے نافذ کرنے کا معاملہ اٹھایا۔ راجیہ سبھا میں وقفہئ صفر کے دوران انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ ملک میں مردم شماری میں تاخیر ہونے کے تناظر میں تقریباً 14 کروڑ اہل افراد خوراک کی یقینی فراہمی کے فائدے حاصل نہیں کرپارہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جتنا جلد ممکن ہوسکے نئی مردم شماری کرائی جائے۔ x