آج بھارت اور دنیا بھر میں، شری گرو نانک دیو جی کا 555 واں یوم پیدائش پرکاش پرو پوری مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ سبھی مذہبوں کے سیکڑوں عقیدتمند امرتسر میں شری ہرمیندر صاحب اور دیگر گرودواروں میں اَرداس کررہے ہیں۔
سکھ مت کے بانی گرونانک دیو جی Rai Bhoi Di Talwandi میں پیدا ہوئے تھے، جسے اب پاکستان میں ننکانا صاحب کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اُن کی تعلیمات میں مساوات، محبت اور خدا کے تئیں خود کو وقف کردینے کا درس شامل ہے۔
شری گرونانک دیو جی کا پرکاش پرو منانے کیلئے امرتسر کے ہرمیندر صاحب اور پنجاب و ملک بھر کے سبھی گرودواروں میں زبردست سجاوٹ کی گئی ہے۔ بھارت اور بیرونِ ملک کے عقیدتمند بڑی تعداد میں شری ہرمیندر صاحب امرتسر پہنچ رہے ہیں۔ سکھوں کے پہلے گرو شری گرونانک دیو جی کے حضور میں اَرداس پیش کرنے کیلئے اِن لوگوں کا صبح سویرے سے ہی گرودواروں میں تانتا بندھا ہوا ہے۔ بہت سے لوگ مقدس سروور میں ڈبکی بھی لگا رہے ہیں۔ اِسی دوران 2 ہزار 656 عقیدتمندوں کا ایک گروپ، ننکانا صاحب میں حاضری کیلئے اٹاری-واگھہ کی مشترکہ چیک پوسٹ سے پاکستان میں داخل ہوا ہے۔