بھارتی موسمیات محکمے IMD نے آئندہ تین دنوں کے دوران ملک کے شمال مغربی حصے میں کم از کم درجہ حرارت میں رفتہ رفتہ دو سے تین ڈگری سیلسیس کے اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔ IMD نے کہا ہے کہ اگلے چار دنوں میں ملک کے مشرقی اور مغربی حصے میں کم از کم درجہ حرارت میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے کَل جموں وکشمیر، لداخ، گلگت، بلتستان، مظفرآباد اور ہماچل پردیش میں شدید بارش یا برفباری کی بھی پیشگوئی کی ہے۔ ہریانہ، چنڈی گڑھ، دلّی اور پنجاب میں آئندہ دو دنوں میں گرج چمک کے ساتھ چھینٹیں پڑسکتی ہیں۔آج لگاتار دوسرے دن ملک کے شمالی حصے میں گھنا کہرا چھایا رہا جس سے مختلف ریاستوں میں ٹرین اور فضائی خدمات متاثر ہوئیں۔
دلّی ہوائی اڈّے پر آج صبح 170 سے زیادہ پروازوں میں تاخیر ہوئی اور 38 کو منسوخ کردیا گیا۔ بھارتی ریلوے کے مطابق دلّی آنے والی تقریباً 40 ریل گاڑیاں پانچ گھنٹے تک کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔ مسافروں کو اسٹیشن پہنچنے سے پہلے ریل گاڑیوں کے بارے میں تازہ معلومات حاصل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ملک کے شمالی علاقوں میں گھنے کُہرے کے سبب کم دوری تک نظر آنے کی وجہ سے متعدد ریل گاڑیوں کی آمد ورفت متاثر ہوئی ہے۔ بھارتی ریلویز کے مطابق دلّی آنے والی 40 ٹرینوں کو پانچ گھنٹے تک کی تاخیر ہوئی ہے۔ ان ٹرینوں میں کالندی ایکسپریس، رِیوا ایکسپریس، مہا بودھی ایکسپریس، کیفیات ایکسپریس، یوپی سمپرک کرانتی، بھوپال ایکسپریس، ہمسفر ایکسپریس اور سیالدہ راجدھانی ایکسپریس شامل ہیں۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اسٹیشن آنے سے قبل ٹرینوں کی روانگی سے متعلق تازہ ترین جانکاری حاصل کرلیں۔
Site Admin | January 4, 2025 9:28 PM