پنجاب میں پودوں کا پہلا کلینک اور مٹی کی جانچ کی لیباریٹری، موگا کے مقام پر قائم کی گئی ہے۔ یہ کلینک اور لیباریٹری نیتی آیوگ کی امدادی رقم سے قائم کی گئی ہے۔ کلینک میں کسانوں کیلئے، مٹی کی مفت جانچ اور پودوں کی بیماریوں کی تشخیص کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
موگا ضلع، ملک کے امنگوں والے ضلعوں میں شامل ہے اور یہ کلینک جدید ترین آلات سے آراستہ ہے۔ یہ علاقے میں نیتی آیوگ کی طرف سے کیے جانے والے ترقیاتی کاموں کا حصہ ہے۔ یہ کلینک ایک کروڑ 25 لاکھ روپے کی لاگت سے قائم کیا گیا ہے۔ اِس کلینک میں جدید ترین مشینیں ہیں، جو مٹی کے نمونوں کا تجزیہ کرسکتی ہے اور غذائی اجزا کے بارے میں تفصیلی رپورٹ دے سکتی ہیں اور PH لیول بتاسکتی ہیں۔ کلینک میں پودوں کا ایک ڈاکٹر بھی موجود رہے گا جو کسانوں کو پودوں کی بیماریوں کے بارے میں جانکاری دینے کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتائے گا کہ اِن کا علاج کیسے کیا جائے۔ کسانوں کو یہ مشورہ بھی دیا جائے گا کہ وہ مٹی کو کیسے اور زیادہ زرخیز بناکر اپنی فصلوں کی آمدنی میں کیسے اضافہ کریں۔