پریاگ راج کے مہاکمبھ نگر میں آج لوگوں نے پبلک ایڈریس سسٹم کے ذریعے آکاشوانی پر وزیر اعظم نریندر مودی کے پروگرام ’من کی بات‘ کو سنا۔ جناب مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ کے دوران مہاکمبھ کے متعدد پہلوؤں کے بارے میں بات کی۔ انھوں نے کہا کہ مہاکمبھ مساوات اور بھائی چارے کا ایک غیر معمولی سنگم ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ کمبھ کا یہ تہوار کثرت میں وحدت کا تہوار ہے۔
مہاکمبھ نگر میں عقیدت مند اور یاتری پبلک ایڈریس سسٹم کے ذریعے آکاشوانی کے کمبھ نیوز بلیٹن کو براہِ راست سن رہے ہیں۔ آکاشوانی کا یہ اقدام عقیدتمندوں اور یاتریوں کو میلے سے متعلق مختلف سرگرمیوں کے بارے میں تازہ ترین جانکاری اور معلومات حاصل کرنے میں مدد فراہم کررہا ہے۔
کمبھ وانی نیوز بلیٹن صبح میں آٹھ بجکر 30 منٹ سے آٹھ بجکر 40 منٹ تک، دوپہر میں دو بجکر 30 منٹ سے 2 بجکر 40 منٹ تک اور شام میں آٹھ بجکر 30 منٹ سے آٹھ بجکر 40 منٹ تک نشر کیا جارہا ہے۔
کمبھ وانی نیوز بلیٹن 103 اعشاریہ 5 میگاہارٹس فریکوئنسی، نیوز آن اے آئی آر ایپ اور نیوز OTT پلیٹ فارم پر بھی سنا جاسکتا ہے۔
پریاگ راج میں مہاکمبھ 2025 کیلئے پوری طرح وقف آکاشوانی مہاکمبھ چینل کا آغاز اِس مہینے کی 10 تاریخ کو اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ذریعے کیا گیا تھا۔
اِس موقع پر اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ایل مورگن بھی ورچوئل طور پر موجود تھے۔ یہ چینل 26 فروری تک خبروں کے علاوہ دیگر پروگرام نشر کرے گا۔×