پریاگ راج میں مہاکمبھ کے تریوینی سنگم میں آج شام 6 بجے تک ایک کروڑ 36 لاکھ سے زیادہ عقیدتمندوں نے پوتر ڈبکی لگائی۔ مہاکمبھ، دنیا بھر سے لاکھوں عقیدتمندوں کو اپنی طرف راغب کر رہا ہے۔ ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ اب تک سنگم میں 52 کروڑ 83 لاکھ عقیدت مند ڈبکی لگا چکے ہیں۔
زندگی کے ہر شعبے سے وابستہ سادھو سنت، عقیدتمند اور زائرین، مہا کمبھ آرہے ہیں۔ اترپردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل نے آج سنگم میں پوتر ڈبکی لگائی اور کہا کہ یہ ایک الگ طرح کا روحانی احساس ہے جو سالوں تک یاد رہے گا۔ انہوں نے مہا کمبھ کے انتظام پر ریاستی سرکار کی ستائش بھی کی۔
مرکزی وزراء نتن گڈکری اور دھرمیندر پردھان نے بھی مہاکمبھ کا دورہ کیا۔ پوتر ڈبکی لگانے کے بعد جناب گڈکری نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ مہا کمبھ، محض ایک مذہبی تقریب نہیں بلکہ یہ ایک بھارت، شریشٹھ بھارت کے جذبے کو عملی جامہ پہنانے کا موقع ہے جہاں ملک بھر کے لوگ، ایک عقیدہ اور ثقافت سے جڑے ہوئے ہیں۔
جناب پردھان نے کہا کہ مہا کمبھ صرف ایک مذہبی تقریب نہیں بلکہ بھارت کی روحانی طاقت اور اتحاد کا ایک بڑا اجتماع ہے۔حالانکہ مہا کمبھ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے، توقع ہے کہ زیادہ سے زیادہ عقیدت مند پریاگ راج آئیں گے اور روحانی جذبے سے شرشار ہوں گے۔
شمالی ریلویز نے آج مسافروں کی آسانی اور مہاکنبھ میلے کے دوران، مسافروں کی زیادہ تعداد کے پیش نظر دلّی سے پریاگ راج تک، نئی مہاکنبھ میلہ خصوصی ریل گاڑیاں شروع کی ہیں۔
شمالی ریلویز کے، تعلقات عامہ کے چیف افسر ہمانشو شیکھر اپادھیایہ نے بتایا کہ اِن چار ریل گاڑیوں میں سے ایک، آنندوہار ریلوے اسٹیشن سے اور بقیہ ریل گاڑیاں نئی دلّی ریلوے اسٹیشن سے چلائی جارہی ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اِن تین گاڑیوں کے رخصت ہونے کا وقت روزانہ دوپہر تین بجے سے رات 9 بجے تک ہے۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ ٹرین نمبر صفر چوالیس بیس اور صفر چوالیس بائیس، نیز ایک اور ٹرین، صفر چوالیس اٹھارہ، نئی دلّی ریلوے اسٹیشن سے پریاگ راج جنکشن تک اور ٹرین نمبر صفر چوالیس چوبیس، آنندوہار ریلوے اسٹیشن سے چلائی جارہی ہے۔
پریاگ راج میں مہاکنبھ کے دوران آج عقیدے اور آب وہوا کے سلسلے میں ایک کانفرنس منعقد کی گئی۔ جس کا موضوع تھا ”کنبھ کی آستھا اور جل وایو پریورتن“۔ کانفرنس کا افتتاح اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کیا۔
تقریب کے دوران جناب آدتیہ ناتھ نے بھارتی ثقافت میں رچی بسی، آب وہوا کے تحفظ سے متعلق اقدار کو اجاگر کیا۔ انھوں نے کہا کہ Atharva وید میں کہا گیا ہے کہ، زمین ہماری ماں ہے اور ہم اُس کے بچے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ویدوں میں پوری دنیا کی خوشحالی کیلئے کہا گیا ہے لیکن ہماری روز مرہ کی زندگی میں اس مقصد کو حاصل کرنے کی راہ میں اکثر رکاوٹیں آجاتی ہیں۔ جناب آدتیہ ناتھ نے یہ بھی کہا کہ آج بہت سی پریشانیاں، آب وہوا میں تبدیلی کی وجہ سے ہیں۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ دریاؤں میں بیشمار زندگیاں موجود ہوتی ہیں اور یہ عوام کی اجتماعی ذمے داری ہے کہ وہ انھیں آلودگی کا شکار ہونے نیز اِنھیں اِن کا پانی سوکھنے سے بچائیں۔
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ نے کاربن اخراج کو کم کرنے اور ماحول کیلئے سازگار توانائی کو فروغ دینے کی، مرکزی سرکار کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔
آب وہوا سے متعلق اس کانفرنس میں مذہبی پیشوا، ماحولیات کے ماہرین، سماجی تنظیموں، صنعتی نمائندوں، سرکردہ تاجروں اور ممتاز شہریوں نے شرکت کی۔
Site Admin | February 16, 2025 9:47 PM
پریاگ راج میں مہاکمبھ کے تریوینی سنگم میں آج شام 6 بجے تک ایک کروڑ 36 لاکھ سے زیادہ عقیدتمندوں نے پوتر ڈبکی لگائی
