اب کچھ خبریں مہا کُمبھ سے
پریاگ راج میں جاری مہا کُمبھ میلے کے دوران اس مہینے کی 11 تاریخ سے کل تک صرف 6 دن میں، تریوینی سنگم میں 7 کروڑ سے زیادہ عقیدتمندوں نے پوِتر ڈُبکی لگائی۔ سنگم میں، عقیدت اور آستھا کا ایک شاندار مظاہرہ دیکھا جا رہا ہے۔ یہاں سَنت، کلپ واسی اور عقیدتمند بڑی تعداد میں پوِتر ڈُبکی لگانے کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔ صرف کل 30 لاکھ سے زیادہ عقیدتمندوں نے پوِتر پانی میں آشیرواد حاصل کرنے کے جذبے کے ساتھ پوِتر ڈبکی لگائی۔
مہا کُمبھ کا پورا علاقہ مسلسل یاتریوں کی آمد کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں اور دنیا بھر کے ممالک سے عقیدتمند مقدس سنگم کے روحانی ماحول میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ 13 جنوری کے مہا کُمبھ کے پہلے دن ریکارڈ تعداد میں ایک کروڑ 70 لاکھ عقیدتمندوں نے اسنان کیا، جبکہ اگلے روز مکرسنکرانتی امرت اسنان کے دوران 3 کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ عقیدتمندوں نے پوِتر ڈُبکی لگائی۔ ریاستی سرکار کا اندازہ ہے کہ اس بار مہا کُمبھ میں 45 کروڑ سے زیادہ لوگ شرکت کریں گے۔ مہا کُمبھ کے ابتدائی دنوں میں 7کروڑ عقیدتمندوں کی یاتریوں کی تعداد اس اندازے کو درست ثابت کرتی ہے۔ مہا کُمبھ نگر ملک کے گونا گوں ثقافتی ورثے کی ایک متحرک جھلک پیش کرتا ہے۔ 45 روزہ مہا کُمبھ میلہ اگلے مہینے کی 26 تک جاری رہے گا۔
Paush پورنیما اور مکرسنکرانتی کی کامیاب تکمیل کے بعد اترپردیش سرکار نے اب اس مہینے کی 29 تاریخ کو Mauni Amavasya کے موقع پر امرت اسنان کی تیاریوں پر اپنی توجہ مرکوز کر دی ہے۔ بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے چیف سکریٹری منوج کمار سنگھ اور اترپردیش DGP پرشانت کمار نے پریاگ راج میں مہا کُمبھ علاقے کا دورہ کیا اور ایک اعلیٰ سطح کی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ پچھلے فیسٹیول کے دوران انتظامات اور سہولیات قابلِ ستائش تھے۔ تاہم انہوں نے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تمام تیاریاں کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام مجسٹریٹس، پولیس اور متعلقہ محکموں کے افسران تمام شعبوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔
میلے کے علاقے میں سہولتوں کا جائزہ لیتے ہوئے چیف سکریٹری نے اہم اسنان فیسٹیول اور امرت اسنان کے دوران ٹیلی مواصلات کی بلا روکاوٹ خدمات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ میلے کے علاقے میں ٹیلی مواصلات کا بنیادی ڈھانچہ کافی مضبوط ہے اور کسی بھی حالت میں یاتریوں اور عقیدتمندوں کو فون کنیکٹی وِٹی میں مسائل کا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔