پریاگ راج میں جاری مہاکنبھ نے، 50 کروڑ سے زیادہ لوگوں کی راست شرکت کے ساتھ دنیا کی پہلی تقریب بن کر تاریخ رقم کی ہے۔ اب تک 50 کروڑ سے زیادہ عقیدتمند تروینی سنگم میں پوتر ڈبکی لگا چکے ہیں۔ آج شام چھ بجے تک 90 لاکھ عقیدتمندوں نے پوتر ڈبکی لگائی۔
اترپردیش حکومت نے کہا ہے کہ اِس میں لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت، کسی بھی مذہبی، ثقافتی یا سماجی تقریب کے لیے انسانی تاریخ میں سب سے بڑے اجتماع کی عکاس ہے۔ اترپردیش حکومت نے اِس بات کو اجاگر کیا ہے کہ امریکہ، روس، انڈونیشیا، برازیل، پاکستان اور بنگلہ دیش جیسے کم آبادی والے ممالک کے لوگوں نے بھی مہاکنبھ کے پوتر جل میں ڈبکی لگائی ہے۔
صفائی ستھرائی کرنے والے 300 سے زیادہ ورکروں نے آج صفائی ستھرائی کی ایک بڑی مہم چلائی تاکہ دریا کی صفائی کی اب تک کی سب سے بڑی مہم کا ایک عالمی ریکارڈ اور گنگا ندی کو صاف کرنے کیلئے بیداری پیدا کی جاسکے۔ صفائی ستھرائی کی یہ مہم مہاکنبھ میں سیکٹر چار کے رام گھاٹ، سیکٹر سات کے بھاردواج گھاٹ اور سیکٹر نو کے گنگیشور گھاٹ میں ایک ساتھ چلائی گئی۔ ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ اِس مہم کی ویڈیو گرافی کے مشاہدے اور تصدیق کے بعد گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ، ریکارڈ کا اعلان کرے گی۔
یہ اہم کام میلہ انتظامیہ کی ہدایات کے تحت ہوا ہے جس میں تمام مطلوبہ طریقہ کار کو اختیار کیا گیا۔ آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی اکانشا رانا کے مطابق ایک عالمی ریکارڈ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ، اِس مہم نے دریا اور گھاٹوں کی صفائی ستھرائی کو بحال کرنے کے بارے میں بیداری پیدا کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اِس کا مقصد پوتر دریاؤں کے تحفظ کے تئیں مہاکنبھ کے پُرزور عہد کی بھی عکاسی کرنا ہے۔
پریاگ راج کے موتی لال نہرو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے پروفیسرز اور ماحولیات کے ماہرین بھی عینی شاہدین کے طور پر موجود تھے۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندے اب اِس کی تصدیق کریں گے کہ جس کے بعد یہ مہم دریا صاف کرنے کی اب تک کی سب سے بڑی مہم ہوگی۔
Site Admin | February 14, 2025 9:47 PM
پریاگ راج میں جاری مہاکنبھ، دنیا کی ایسی پہلی بڑی تقریب بن گئی ہے جس میں 50 کروڑ سے زیادہ لوگوں نے شرکت کی۔
