ایک مخصوص کاروباری گروپ کے خلاف مبینہ رشوت کے الزامات اور دیگر معاملات پر اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے تناظر میں آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی، موسم سرما کے اجلاس میں پہلے دِن، دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔ پہلی بار ملتوی کیے جانے کے بعد جب پونے12 بجے راجیہ سبھا کی کارروائی پھر شروع ہوئی تو چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے اپوزیشن ارکان پر زور دیا کہ وہ ایوان میں معمول کا کام کاج ہونے دیں۔ جب شور و غل ہوتا رہا تو انھوں نے ایوان کی کارروائی دِن بھر کیلئے ملتوی کردی۔ اِس سے پہلے پارلیمنٹ کے موسم سرما کے اجلاس کے پہلے دِن آج صبح جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے مذکورہ کاروباری گروپ کے خلاف مبینہ رشوت کے الزامات، منی پور میں تشدد کے واقعات اور دیگر معاملات پر اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے دیئے گئے التوا کے نوٹس مسترد کردیئے۔چیئرمین موصوف نے کہا کہ یہ نوٹس اُس ہدایت سے مطابقت نہیں رکھتے، جو صدر نشیں اِس سے پہلے دے چکے ہیں۔لوک سبھا میں پہلی بار ملتوی کیے جانے کے بعد کارروائی جب دِن میں بارہ بجے دوبارہ شروع ہوئی تو کانگریس، سماجوادی پارٹی، ڈی ایم کے اور دیگر پارٹیوں کے ارکان مختلف معاملات پر شوروغل کرنے لگے۔ اِن میں ایک مخصوص کاروباری گروپ کے خلاف مبینہ رشوت کے الزامات اور اترپردیش کے سنبھل میں مبینہ تشدد کا معاملہ بھی شامل تھا۔ ہنگامہ آرائی کے تناظر میں صدر نشیں نے ایوان کی کارروائی دِن بھر کیلئے ملتوی کردی۔ دونوں ایوانوں کی کارروائی اَب بدھ کے روز ہوگی۔
Site Admin | November 25, 2024 9:40 PM