مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی ڈاکٹر بی آر امبیڈکر پر رائے زنی پر اپوزیشن پارٹیوں کے شور وغل کے پیش نظر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔ لوک سبھا میں، جب آج صبح ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو کانگریس، DMK، سماج وادی پارٹی اور دیگر نے وزیر داخلہ کی رائے زنی کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔ کچھ ممبران ایوان کے وسط میں آگئے۔ شور و غل کے سبب اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کردی۔ راجیہ سبھا میں بھی اِسی طرح کی صورتحال رہی۔ آج صبح جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو صدر نشیں جگدیپ دھنکھڑ نے جناب شاہ کی رائے زنی اور دیگر معاملات پر اپوزیشن ارکانِ پارلیمنٹ کی جانب سے پیش کئے گئے التواء کے نوٹس نامنظور کردیئے۔
کانگریس، DMK، عام آدمی پارٹی، سماج وادی پارٹی، RJD، بائیں بازو اور دیگر نے وزیر داخلہ کی رائے زنی کے خلاف نعرے بازی کی۔ چیئرمین نے ایوان میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کی اپیل کی لیکن اِس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ بعد میں ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔ x