ایک مخصوص کاروباری گروپ کے خلاف رشوت ستانی کے مبینہ الزامات سمیت مختلف معاملات پر اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے شور و غل کے درمیان پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔
جب آج صبح لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوئی تو کانگریس، سماج وادی پارٹی، DMK اور دیگر نے ایک مخصوص کاروباری گروپ کے خلاف رشوت کے مبینہ الزامات سمیت مختلف معاملات پر شور و غل کیا۔
پہلی بار 12 بجے تک کیلئے ملتوی کئے جانے کے بعد، جب راجیہ سبھا کی کارروائی پھر شروع ہوئی تو کانگریس، بائیں بازو، DMK، TMC، سماج وادی پارٹی اور عام آدمی پارٹی اور دیگر نے شور و غل جاری رکھا، جس کے سبب ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔
راجیہ سبھا کے صدر نشیں جگدیپ دھنکھڑ نے اپوزیشن ممبران سے اپنی نشستوں پر واپس جانے کی اپیل کی لیکن انہوں نے نعرے بازی جاری رکھی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ مفید بحث و مباحثے کی خاطر ایک پلیٹ فارم ہے اور انہوں نے ارکان پر زور دیا کہ وہ بلا رکاوٹ ایوان کی کارروائی چلنے دینے میں تعاون کریں۔ جناب دھنکھڑ نے کہا کہ پارلیمنٹ کی کارروائی میں رخنہ اندازی سے جمہوریت کی بنیاد کمزور ہوتی ہے اور انہوں نے نتیجہ خیز بحث اور تعمیری رابطوں پر زور دیا۔
لوک سبھا کی کارروائی پہلی مرتبہ دن میں 12 بجے تک کیلئے ملتوی کئے جانے کے بعد، جب دوبارہ شروع ہوئی، تو اپوزیشن کے ارکان مختلف معاملات پر نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں آگئے۔
صدر نشیں نے بار بار ایوان کی کارروائی چلنے دینے کی اپیل کی لیکن انہوں نے اپنا احتجاج جاری رکھا۔ اس کے سبب ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔
پارلیمانی امور کے وزیر کرن ریجیجو نے ایوان میں اپوزیشن کے طرزِ عمل کی مذمت کی ہے۔ جناب ریجیجو نے کہا کہ کانگریس اور دیگر اپوزیشن کے ممبران غیر ضروری طور پر شور و غل کررہے ہیں اور نئے ممبران کو اپنے نظریات پیش نہیں کرنے دے رہے ہیں۔
اِس دوران وقف ترمیمی بل 2024 پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین جگدمبیکا پال نے کمیٹی کی رپورٹ بجٹ اجلاس 2025 کے آخری دن پیش کرنے کیلئے توسیع کی خاطر ایک تحریک پیش کی، جسے ایوان نے منظور کرلیا۔
اِس سے قبل کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا اور رویندر وَسنت راؤ چوان نے لوک سبھا میں رکنِ پارلیمنٹ کی حیثیت سے حلف لیا، جنہوں نے حال ہی میں ضمنی چناؤ جیتا ہے۔x