August 9, 2024 9:44 PM

printer

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی غیرمعینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو کا کہنا ہے کہ بجٹ اجلاس نہایت مفید اور کارآمد رہا

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی، آج غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔ پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 22 جولائی کو شروع ہوا تھا اور یہ پیر کو ختم ہونے والا تھا۔ اسپیکر اوم برلا نے آج کہا کہ اِس دوران 15 اجلاس ہوئے جو 115 گھنٹوں پر مشتمل تھے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے 23 جولائی کو 2024-25 کا مرکزی بجٹ پیش کیا جس پر ایوان میں 27 گھنٹے 19 منٹ بحث ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران، 12 سرکاری بل پیش کئے گئے جن میں سے لوک سبھا نے چار کو پاس کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ لوک سبھا میں اِس اجلاس کے دوران 136 فیصد کام کاج ہوا۔ ایوانِ زیریں میں خزانہ بل، Appropriation یعنی تصرّف بل، جموں وکشمیر Appropriation بل اور بھارتیہ وایو یان ودھیک پاس کئے گئے۔
راجیہ سبھا چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے کہا کہ ایوانِ بالا میں مرکزی بجٹ پر تقریباً 22 گھنٹے بحث ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران، 90 گھنٹے کام کاج ہوئے۔
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس بہت زیادہ کارآمد رہا۔ بجٹ اجلاس آج ختم ہوگیا۔ نئی دلّی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جناب رجیجو نے کہا کہ پورے اجلاس کے دوران، لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں ایوانوں میں خوش اسلوبی کے ساتھ کام کاج ہوا۔ جناب رجیجو نے مزید بتایا کہ ایک دن بھی ایسا نہیں رہا جس میں کام کاج نہ ہوا ہو اور دونوں ایوانوں کی کارروائی خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران پارلیمنٹ نے بجٹ سے متعلق کام کاج مکمل اور کئی بل بھی پاس کئے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں