July 25, 2024 2:25 PM | Par- Budget

printer

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں 2024-25 کی بجٹ پر بحث دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے اپوزیشن پر الزام لگایا ہے کہ وہ بجٹ کے بحث پر سیاست کررہی ہے۔

پارلیمنٹ میں مرکزی بجٹ پر بحث دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔

پارلیمانی اُمور کے وزیر کرن رجیجو نے آج اپوزیشن رہنماؤں پر یہ الزام لگاتے ہوئے اُن کی نکتہ چینی کی کہ انھوں نے ملک کے فیصلے کی توہین کی ہے۔ نئی دلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جناب رجیجو نے کہا کہ ملک یہ دیکھنا چاہتا ہے کہ بجٹ پر بحث اچھے اور بامعنی طریقے سے ہو۔ انھوں نے مزید کہا کہ بعض پارٹیوں کے رہنماؤں نے جس طریقے سے تبصرہ کیا ہے اور جس انداز میں انھوں نے تقریریں کی ہیں وہ ایوان کے وقار کو گراکر اُس کی توہین ہے۔ انھوں نے اپوزیشن پارٹیوں سے کہا کہ وہ عوام کے فیصلے کا احترام کریں۔ وزیراعظم    نریندر مودی کے بیان کا ذکر کرتے ہوئے جناب رجیجو نے کہا کہ انتخابات ختم ہوچکے ہیں اور اب وِکست بھارت کے تئیں کام پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئے اور مرکزی بجٹ پر تعمیری بحث ہونی چاہیے۔

انھوں نے الزام لگایا کہ اپوزیشن رہنماؤں نے بجٹ کے بارے میں کچھ نہیں کہا ہے۔ انھوں نے محض سیاست کی ہے اور وزیراعظم کو برا بھلا کہا ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کے ایوان کے رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ ارکان کو ہدایت دیں کہ وہ ہنگامہ آرائی نہ کریں اور پارلیمنٹ میں مہذب اور شائستگی کے ساتھ بحث کریں۔ انھوں نے کہا کہ بجٹ کا مقصد بھارت کو تیسری سب سے بڑی معیشت بنانا ہے اور بنیادی ڈھانچے، سبھی شعبوں، خواتین، روزگار اور کسانوں کیلئے رقم مختص کی گئی ہے۔ جناب رجیجو نے کہا کہ اگر اپوزیشن نہیں سمجھے گی تو عوام انھیں سزا دے گی۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی عوام کی وجہ سے تیسری مرتبہ اقتدار میں آئے ہیں اور اپوزیشن اِسے الگ انداز میں پیش کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں