پارلیمنٹ کا موسم سرما کا اجلاس آج شروع ہوگا۔ 26 دن کے اِس اجلاس میں 19 نشستیں ہوں گی۔ البتہ 26 نومبر کو یوم آئین کی تقریب کی وجہ سے پارلیمنٹ کی نشست نہیں ہوگی۔ یوم آئین کی اصل تقریب، سنوِدھان سدن کے مرکزی ہال میں منعقد کی جائے گی، جہاں آئین، 26 نومبر 1949 کو نافذ ہوا تھا۔
پارلیمنٹ کا موسم سرما کا اجلاس اگلے مہینے کی 20 تاریخ تک جاری رہے گا، جس کے دوران 16 بِل پیش کئے جائیں گے۔ اِن بِلوں میں بھارتیہ وایویان وِدھییک 2024، قدرتی آفات سے نمٹنے کا ترمیمی بِل 2024، ریلوے کا ترمیمی بِل، وقف ترمیمی بِل اور انڈین پورٹس بِل 2024 شامل ہے۔ اِس کے علاوہ ہسال 2024-25 کیلئے ضمنی مطالبات زر پر مباحثہ اور ووٹنگ بھی ہوگی۔
کَل حکومت نے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی خوش اسلوبی سے جاری رہنے کو یقینی بنانے کیلئے ایک کُل پارٹی میٹنگ منعقد کی تھی۔ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجیو نے کہا کہ حکومت، پارلیمنٹ کے موسم سرما کے اجلاس کے دوران، کسی بھی معاملے پر بحث مباحثے کیلئے تیار ہے۔ جناب رجیجیو نے اپوزیشن پارٹیوں سے زور دے کر کہا کہ وہ اجلاس کے دوران، لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی، خوش اسلوبی سے جاری رکھنے میں تعاون کریں۔
جناب رجیجیو نے کہا کہ میٹنگ میں شریک 30 پارٹیوں کے کُل 42 رہنماؤں نے شرکت کی اور ہر پارٹی لیڈر نے کوئی نہ کوئی مشورہ دیا۔×