وقف ترمیمی بل 2024 سے متعلق مشترکہ کمیٹی کی رپورٹ کو آج اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کے درمیان پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کیا گیا۔ لوک سبھا کی کارروائی کے التوا کے بعد دوپہر 2 بجے دوبارہ کارروائی شروع ہونے کے بعد مشترکہ کمیٹی کے چیئرمین، جگدمبیکا پال نے ایوان میں رپورٹ پیش کی۔ اپوزیشن اراکین کی جانب سے شور و غل کے مناظر دیکھنے میں آئے۔ ہنگامہ آرائی کے درمیان، مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا کہ BJP کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا اگر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا رپورٹ میں اختلافی نوٹس کو شامل کرنے کی اجازت دیتے ہیں جیساکہ اپوزیشن کے اراکین، مطالبہ کر رہے تھے۔ کانگریس، DMK، سماج وادی پارٹی، TMC اور دیگر پارٹیوں کے ارکان نے رپورٹ کی مخالفت میں ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
راجیہ سبھا میں، آج صبح جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی، BJP کے پارلیمانی رکن ڈاکٹر میدھا وشِرام کلکرنی نے اپوزیشن کے احتجاج کے درمیان رپورٹ کی نقل ایوان میں پیش کی۔ اپوزیشن کے اراکین کی جانب سے نعرے بازی کا سلسلہ جاری رہنے کے تناظر میں چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے اراکین سے کہا کہ وہ ایوان کی کارروائی چلنے دیں لیکن ان کی اپیل کا کوئی اثر نہیں رہا۔ اپوزیشن کے لیڈر ملکاارجن کھڑگے نے الزام لگایا کہ کمیٹی میں شامل اپوزیشن ممبروں نے جو اختلافی نوٹس دیئے تھے، وہ رپورٹ میں شامل نہیں کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اسے جمہوریت کے مخالف قدم سے تعبیر کیا۔
جواب میں پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے واضح کیا کہ نہ تو رپورٹ کا کوئی حصہ اور نہ ہی اختلافی نوٹس رپورٹ سے الگ کئے گئے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن پر الزام لگایا کہ وہ اس معاملے پر ایوان کو گمراہ کر رہی ہے۔ایوان کے لیڈر جے پی نڈا نے کہا کہ روایتوں کو برقرار رکھتے ہوئے پارلیمانی اراکین کو آئینی ضابطوں کی پابندی کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی کو بلا رکاوٹ چلنے دینا چاہیے۔ حکومت کے جواب سے مطمئن نہ ہوتے ہوئے اپوزیشن کے اراکین نے ایوان بالا سے واک آؤٹ کیا۔
Site Admin | February 13, 2025 9:41 PM
وقف ترمیمی بل 2024 سے متعلق مشترکہ کمیٹی کی رپورٹ کو آج اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کے درمیان پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کیا گیا
