وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے مسلح افواج کے اعلیٰ کمانڈروں پر زور دیا ہے کہ وہ روس-یوکرین لڑائی، اسرائیل-حماس تنازعے اور بنگلہ دیش کی موجودہ صورتحال جیسے حالات وواقعات کا تجزیہ کریں اور کسی بھی طرح کے ناگہانی چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں۔اعلیٰ سطح کے فوجی کمانڈروں کی میٹنگ کے دوسرے اور آخری دن وزیر دفاع نے لکھنؤ میں کمانڈروں کی کانفرنس کی صدارت کی۔ اِس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے جناب راجناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت ایک امن پسند ملک ہے اور مسلح افواج کو امن برقرار رکھنے کی خاطر کسی بھی طرح کے ناگہانی حالات کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔کانفرنس کے موضوع ”سشکت اور سرکشت بھارت، مسلح افواج کی کایا پلٹ“ کی مناسبت سے جناب راجناتھ سنگھ نے ایک مشترکہ فوجی نظریہ مرتب کرنے اور اُن مختلف چیلنجوں کیلئے تیار رہنے کی اہمیت پر زور دیا جن کا ملک کو مستقبل کی جنگوں میں سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے اشتعال انگیزی کی صورت میں تیزی کے ساتھ مربوط اور معقول جوابی کارروائی پر بھی زور دیا۔ وزیر دفاع نے ”نوآبادیاتی طور طریقے اور مسلح افواج، ایک جائزہ“ کے عنوان سے ایک پبلی کیشن کے ساتھ ای-گرنتھالیہ اور ای-میوزیم سمیت8 اختراعی Applications کا آغاز بھی کیا۔
Site Admin | September 5, 2024 9:53 PM
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے مسلح افواج سے کہا ہے کہ وہ مختلف ملکوں میں جاری محاذ آرائی اور لڑائی کے تناظر میں امن کو برقرار رکھنے کی خاطر کسی بھی طرح کے ناگہانی حالات کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں
