مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے انسداد دہشت گردی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے قومی جانچ ایجنسی NIA اور ریاستی انسداد دہشت گردی دستوں کے درمیان باہمی تعاون اور تال میل کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات کَل نئی دلّی میں دوروزہ قومی سلامتی کی حکمت عملی کانفرنس 2024 کے دوسرے دن صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اِس موقع وزیرداخلہ نے ریاستوں کے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل DGP صاحبان سے 2047 تک وزیراعظم نریندر مودی کے بھارت کو خوشحال، مضبوط اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے وژن کو حاصل کرنے کیلئے کام کرنے کی اپیل کی۔ وزیرداخلہ نے انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو بڑھانے کیلئے ایک تفصیلی حکمت عملی کی تجویز پیش کی، جس میں بین الاقوامی ایجنسیوں کے ساتھ اشتراک و تعاون اور دہشت گردی کی مالی اعانت کو روکنے کیلئے صلاحیتوں کو بڑھانا شامل ہیں۔
انہوں نے ماؤنوازوں کے خلاف کوششوں میں کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اُن ریاستوں کو خبردار کیا، جنہوں نے حال ہی میں چوکسی برقرار رکھنے کیلئے علاقوں کو مسلح تنظیموں سے آزاد کرانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ جناب شاہ نے اِس بات پر زور دیاکہ جموں وکشمیر، بائیں بازو کی انتہاپسندی سے متاثرہ علاقے اور شمال مشرق جیسے قومی سلامتی کے مسائل کو حل کرنے میں خاطر خواہ پیشرفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ منشیات، دشمن کے ڈرونس، آن لان دھوکہ دہی جیسے ابھرتے ہوئے چیلنجز کی شناخت کرنا اور بڑے چیلنجز بننے سے پہلے اُن سے نمٹنا ضروری ہے۔