مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے نئی دلی میں ایک میٹنگ میں سرکاری ملکیت کے بینکوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ محترمہ سیتا رمن نے میٹنگ میں جمع کی گئی رقومات میں اضافے، قرضے اور جمع رقومات کے تناسب اور اثاثوں کی کوالٹی کا جائزہ لیا۔ وزیر خزانہ نے پی ایم آواس یوجنا، پی ایم سوریہ گھر اور پی ایم وِشو کرما اسکیموں جیسے سرکاری اقدامات کے تحت سرکاری ملکیت کے بینکوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔
جمع رقومات کو بڑھانے پر بات چیت کے دوران محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ اب جبکہ قرض میں اضافہ ہوا ہے، جمع رقومات کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بڑھتے ہوئے قرض کو برقرار رکھا جاسکے۔ انھوں نے بینکوں سے کہا کہ وہ خصوصی مہم کے ذریعے جمع رقومات حاصل کرنے کیلئے ٹھوس کوششیں کریں۔
مودی سرکار کی تیسری مدت کے دوران خزانے اور کارپوریٹ امور کی وزیر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد اِس طرح کے بینکوں کے ساتھ، محترمہ سیتا رمن کی یہ پہلی جائزہ میٹنگ تھی۔
مالیاتی خدمات کے محکمے کے سکریٹری ڈاکٹر وویک جوشی، سرکاری شعبے کے بینکوں کے منیجنگ ڈائریکٹرس اور چیف ایگزیکٹیو افسر اور دوسرے سینئر اہلکاروں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔
وزیر موصوف نے آج نئی دلّی میں علاقائی دیہی بینکوں RRBs کے ساتھ بھی ایک جائزہ میٹنگ کی۔ RRBs کے ساتھ میٹنگ میں تجارتی کار کردگی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی خدمات میں بہتری اور MSME کلسٹرس میں کاروباری اضافے کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ x